ملتان سلطانز اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی

ویب ڈیسک  پير 21 جون 2021
سہیل تنویر کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا - فوٹو: پی ایس ایل

سہیل تنویر کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا - فوٹو: پی ایس ایل

ابوظہبی: پی ایس ایل کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ 

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے کوالیفائنگ میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں  5 وکٹ کے نقصان پر 180 رنز بنائے جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 149 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے جس کے بعد محمد اخلاق 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے اور کپتان شاداب بھی کھاتہ کھولے بغیر شان مسعود کو آسان کیچ دے بیٹھے جب کہ افتخار احمد بھی 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

عثمان خواجہ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی وہ 40 گیندوں پر 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آصف علی عمران طاہر کو بڑی ہٹ لگانے کے چکر میں ایک رن پر اسٹمپ ہوگئے۔ حسن علی 10 اور محمد وسیم 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر اور  بلیسنگ مزارابانی 3،3، عمران طاہر 2 جب کہ عمران خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم سلطانز کے کپتان دوسرے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔ شاداب خان نے ایک ہی اوور میں پہلے شان مسعود کو 25 رنز پر پویلین بھیجا اور پھر 2 گیندوں بعد ریلی روسوو کو بھی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ کردیا۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1406964482920828941

جانسن چارلس اور شعیب مقصود نے 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی، چارلس 21 گیندوں پر 41 اور مقصود 41 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ نے آخری لمحات میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا ٹوٹل فراہم کرنے میں مدد کی۔ وہ 22 گیندوں پر 42 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1406989353876918276

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2،2 اور عاقف جاوید نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔