وزیراعظم کی رشوت لینے اورعہدے کے غلط استعمال پر اے آئی جی حیدرآباد کیخلاف کارروائی کی ہدایت

ویب ڈیسک  پير 21 جون 2021
15 ڈسٹرکٹ کی سربراہی کرنے والے مذکورہ پولیس افسر ہر ڈسٹرکٹ سے ماہانہ 15 سے 20 لاکھ روپے رشوت لے رہے ہیں، وزیر اعظم کا خط

15 ڈسٹرکٹ کی سربراہی کرنے والے مذکورہ پولیس افسر ہر ڈسٹرکٹ سے ماہانہ 15 سے 20 لاکھ روپے رشوت لے رہے ہیں، وزیر اعظم کا خط

 کراچی:  وزیراعظم عمران خان نے رشوت لینے پر ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ڈاکٹر جمیل احمد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ 

وزیر اعظم نے اسٹیبلشمنٹ ڈیویژن سے ایک خط کے ذریعے رابطہ کرکے اے آئی جی حیدرآباد کو کرپشن کا ملزم قرار دیا ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے کہا ہے کہ مذکورہ پولیس افسر اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے رشوت لے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد کے خلاف سول سروینٹ رولز کے تحت فوری کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔

وزیراعظم نےخط میں لکھا ہے کہ ’اطلاعات کے مطابق 15 ڈسٹرکٹ کی سربراہی کرنے والے مذکورہ پولیس افسر ہر ڈسٹرکٹ سے ماہانہ 15 سے 20 لاکھ روپے رشوت لے رہے ہیں، جب کہ ماتحت پولیس افسران کی پوسٹنگ اور تبادلوں میں حصہ الگ ہے۔‘

خط کے مطابق وزیر اعظم نے یہ بھی لکھا ہے کہ یہ ایڈیشنل آئی جی  حیدرآباد کےسرکٹ ہاؤس میں تین کمروں پر بھی غیر قانونی طور پر قابض ہیں۔ جب کہ اس افسر کے بیٹے بھی اپنے والد کی پوزیشن کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں۔  رپورٹ کے مطابق اے آئی جی کے بیٹے سرکٹ ہاؤس میں فائرنگ کی پریکٹس بھی کرتے ہیں جب کہ یہ ایک گنجان آبادی والا علاقہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔