خلیل الرحمان قمر نے کہا تھا میں کبھی اداکار نہیں بن سکتا، فیروز خان

ویب ڈیسک  منگل 22 جون 2021
فیروز خان کا شمار پاکستان کے اس وقت کے سب سے مقبول اور باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے۔ فوٹوفائل

فیروز خان کا شمار پاکستان کے اس وقت کے سب سے مقبول اور باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے۔ فوٹوفائل

کراچی: اداکار فیروز خان نے انکشاف کیا ہے کہ خلیل الرحمان قمر نے ایک بار کہا تھا کہ فیروز خان کبھی اداکار نہیں بن سکتا۔

اداکار فیروز خان اورا ن کی ان کی بہن حمائمہ ملک حال ہیں احسن خان کے شو ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے  میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے دلچسپ جواب دئیے۔

احسن خان نے ایک سیگمنٹ کے دوران فیروز خان سے پوچھا کیا خلیل الرحمان قمر نے آپ کو کہا تھا کہ  آپ کبھی اداکار نہیں بن سکتے کیا یہ بات درست ہے؟

احسن خان کے سوال پرفیروز خان نے جواب دیا ہاں یہ سچ ہے ۔ فیروز کے برابر میں بیٹھی ان کی بہن حمائمہ ملک نے اس جواب پر حیرانی سے فیروز خان سے پوچھا  خلیل الرحمان قمر نے ایسا کہا تھا  ؟ بعد ازاں فیروز خان نے بتایا کہ اس کے بعد میری اور ان کی دوستی ہوگئی اور اب ہم دوست ہیں۔

شو کے دوران فیروز خان نے اداکارہ حرا مانی کے بارے میں کہا کہ میں نے حرامانی کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا ہے لیکن وہ ایک ایسی خاتون ہیں جن کے ساتھ کام کیے بغیر مجھے بہت اپنائیت محسوس ہوتی ہے۔ وہ جیسی ہیں ویسی نظرآتی ہیں اور یہ ان کے اندر بہت اچھی بات ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمیں بھی نبی اکرم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے زیادہ شادیاں کرنی چاہئیں، فیروز خان

احسن خان کے شو کی کچھ جھلکیاں گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جن میں فیروز خان نے شو میں  شادیوں کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں بھی نبی اکرم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے زیادہ شادیاں کرنی چاہئیں۔ فیروز خان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا اور لوگوں نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سنبھالی نہیں جارہی اور چار شادیاں کرنے چلے ہیں۔

گزشتہ برس ایک اور شو کے دوران فیروز خان نے اپنے اور خلیل الرحمان قمر کے اختلافات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں پہلے دانش والا کردار انہیں آفر ہوا تھا لیکن جب انہوں نے ڈرامے میں کام کرنے کے پیسے مانگے تو انہیں ’دانش‘ کا کردار نہیں دیا گیا۔ اس انٹروویو کے بعد میڈیا میں خلیل الرحمان قمر اور فیروز خان کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’’دانش‘‘ کے کردار کیلئے پیسے مانگے تھے اسلیے مجھے کردار نہیں دیاگیا، فیروز خان

واضح رہے کہ فیروز خان کا شمار پاکستان کے اس وقت کے سب سے مقبول اور باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے۔ ان کا ڈراما ’خدا اور محبت سیزن3‘ اس وقت پاکستان کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ڈراما ہے یہاں تک کہ اس نے ’’میرے پاس تم ہو‘کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔