اپوزیشن جانتی ہے اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  منگل 22 جون 2021
دو خاندان ہیں ایک پنجاب سے اور ایک سندھ سے پیسہ باہر بھیجتا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو : فائل

دو خاندان ہیں ایک پنجاب سے اور ایک سندھ سے پیسہ باہر بھیجتا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ابھی سے دھاندلی کا واویلا کررہی ہے کیوں کہ انہیں پتا ہے کہ اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 1947 سے 2008 تک پاکستان نے 6 ہزار ارب روپے کا غیر ملکی قرضہ لیا، اس چھ ہزار ارب روپے سے ہم نے دنیا کی پانچویں بڑی فوج بنالی، اسلام آباد کا شہر بنایا، موٹر ویز بنائیں، نیوی بیسز بنائیں اور گوادر بنایا لیکن 2008 سے 2018 تک 26 ہزار ارب روپے کے قرضے ہو گئے، اب دو ہزار ارب روپے سالانہ صرف سود کیلئے دیے جاتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے قرضے لے کر پاور پلانٹ لگائے، ساہیوال میں کوئلے کا پلانٹ لگایا جہاں کوئلہ نہیں ہوتا، علاقہ کو شدید ماحولیاتی خطرات لاحق ہیں اور ان کی وجہ سے ہمیں آئی پی پیز کو نو سو ارب روپے کی سالانہ ادائیگی کرنا پڑتی ہے جب کہ 2023 میں ہمیں بجلی گھروں کو پندرہ سو ارب روپے ادا کرناہیں، اس وقت 30 ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت ہے لیکن چوبیس ہزار میگاواٹ سے زیادہ ترسیل نہیں کر سکتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دو سال میں سولہ سے سترہ سو ارب روپے سندھ کو صرف این ایف سی میں سے دیے گئے، گرانٹس کی مد میں علیحدہ رقم دی گئی لیکن سندھ حکومت نے کیا کیا، یہ پیسہ لندن، کینیڈا، امریکا، پیرس اور دبئی چلا گیا، دو خاندان ہیں ایک یہاں سے اور ایک سندھ سے پیسہ باہر بھیجتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی کوئی لیڈرشپ نہیں،یہ بکھرا ہوا ایک گروہ ہے، اپوزیشن ابھی سے واویلا کررہی ہے کہ اگلے الیکشن میں دھاندلی ہوگی، انہیں پتا ہے کہ اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں، ہم انتخابی مسائل کے حل کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔