بچوں کی ویڈیوز ڈارک ویب پر اپ لوڈ کرنے کی سرپرستی ن لیگ والوں نے کی، کنول شوزب

ویب ڈیسک  منگل 22 جون 2021
سانحہ قصور میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے ملوث تھے، کنول شوزب

سانحہ قصور میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے ملوث تھے، کنول شوزب

 اسلام آباد: پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ بچوں کی ویڈیوز ڈارک ویب پر اپ لوڈ کرنے کی سرپرستی ن لیگ سے تعلق رکھنے والے کر رہے تھے۔

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل، پارلیمانی سیکرٹری قانون ملیکا بخاری اور کنول شوزب نے وزیراعظم عمران خان کے عورت کے لباس سے متعلق بیان کے تناظر میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

زرتاج گل نے کہا کہ ہمیں اپنے لباس اور ثقافت پر فخر ہیں، اسی لباس اور کلچر کی وجہ سے ہم پرکشش نظر آتے ہیں، مذہب میں ہمیں جو آزادی دی گئی ہے اس پر ہمیں فخر ہے، چند لبرل کرپٹ ہمارے معاشرے کے خوبصورت تاثر کو بگاڑنا چاہتے ہیں، حالیہ واقعات کے حوالے سے یونیورسٹی اور مدرسے کے امیجز دیکھے ہیں جو اچھے نہیں ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری قانون ملیکا بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلا وزیراعظم ہے جس نے اینٹی ریپ لاء کی بات کی، اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم بچوں و خواتین کا تحفظ چاہتے ہیں، ریپ ریاست کے خلا ف جرم ہے، ان مجرموں کو ایسی سزا دی جائے کہ بچیاں محفوظ ہوں۔

کنول شوزب نے اظہارخیال کیا کہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم پر تنقید کی جا رہی ہے، بہت سی ایسی باتیں وزیراعظم سے منسوب کی جارہیں ہیں جو انہوں نے نہیں کی ہیں، وزیراعظم نے پردے کے حوالے سے اللہ کی بات کی، ریپ کے زیادہ کیس ملکی کلچر کی وجہ سے رپورٹ ہی نہیں ہوتے، سابقہ دور میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے ریپ میں ملوث رہے ہیں، سانحہ قصور میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے ملوث تھے، بچوں کی اگر ویڈیوز ڈارک ویب پر گئیں تو اس کی سرپرستی ن لیگ سے تعلق رکھنے والے کر رہے تھے۔

کنول شوزب نے مزید کہا کہ اسلامی معاشرے کے طور پر حدود ہیں، یہ افسوسناک ہے کہ آپ بچے کو قرآن پاک پڑھانے بھیجیں اور وہی ریپ کر دے، ان واقعات کو روکنے کے لئے سب کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی، ہمیں باہر سے ہدایات کی ضرورت نہیں ہے ہم اپنے مسئلے کو خود حل کر سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔