ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 جون 2021
ڈالر کی قدر 158 روپے سے تجاوز کرکے چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ فوٹو : فائل

ڈالر کی قدر 158 روپے سے تجاوز کرکے چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ڈالر کی قدر میں کئی روز سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث ڈالر کے نرخ ساڑھے 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

مالی سال کے اختتام پر درآمدی شعبوں کی جانب سے امپورٹ کے بڑھتے ہوئے حجم، خام تیل کی عالمی قیمت بلند سطح پر پہنچنے سے ملکی درآمدی بل پر دباؤ بڑھنے جیسے عوامل کے باعث منگل کو بھی ڈالرکی قدر میں اضافے کا تسلسل جاری رہا جس سے ڈالر کی قدر 158 روپے سے تجاوز کرکے چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 67 پیسے کے اضافے سے 158.18 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 80 پیسے کے اضافے سے 158.80روپے پر بند ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جون کے مہینے میں درآمدات کے لیے لیٹر آف کریڈٹس کھلوانے کا حجم بڑھنے سے ڈالر کی طلب میں نمایاں اضافے کا رحجان غالب ہے جس سے ڈالر کی نسبت روپیہ کمزور ہورہاہے۔

اسی طرح آئی ایم ایف کی جانب سے سہ ماہی ریویو میں 4 ماہ کی تاخیر اور آنے والے مہینوں میں پاکستان پر واجب الادا قرضوں کی ادائیگیوں کے مراحل شروع ہونے سے زرمبادلہ کی مارکیٹوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔