بینک عملے کی ملی بھگت سے کریڈٹ کارڈز بناکر شہریوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

آفتاب خان  منگل 22 جون 2021
ملزمان نے شہریوں کے شناختی کارڈزکے ذریعے جعلی دستاویزات بنا کر 63 کریڈٹ کارڈز جاری کرائے، ایف آئی اے(ٖفوٹو: ایکسپریس)

ملزمان نے شہریوں کے شناختی کارڈزکے ذریعے جعلی دستاویزات بنا کر 63 کریڈٹ کارڈز جاری کرائے، ایف آئی اے(ٖفوٹو: ایکسپریس)

 اسلام آباد/ کراچی: ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے شہریوں کے قومی شناختی کارڈ کے ذریعے جعل سازی سے بینکوں کے کریڈٹ کارڈز جاری کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے سندھ زون کے مطابق کمرشل بینک کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے اس اسکینڈل کی تحقیقات کا آغاز کیا اور اس فراڈ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ریجنل مینیجر، ایف آر ایم اور کمرشل بینک کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں ابراہیم احمد، سابق ملازم کمرشل بینک طلحہ خان، محمد طفیل، کورئیر کمپنی کا ملازم نوید اکبر اور مذکورہ کمرشل بینک کریڈٹ کارڈ ڈیپارٹمنٹ کا افسر محمد خرم شامل ہیں۔ مذکورہ ملزمان شہریوں کے شناختی کارڈز کے ذریعے جعلی دستاویزات بنا کر  63 کریڈٹ کارڈز کے اجراء میں ملوث ہیں، جس سے بینک کو تقریبا 1 کروڑ 23 لاکھ  روپے کا نقصان پہنچایا۔

ملزمان ، بشمول بینک عملہ ، نجی افراد اور نجی کورئیر سروس کے نمائندے شہریوں کے شناختی کارڈ کا بندوبست کرتے تھے اور ان کے جعلی دستخطوں، پتے اور تنخواہوں کی رسیدیں استعمال کرتے ہوئے ملزم محمد خرم کے ذریعہ کریڈٹ کارڈ کے لیے درخواست دیتے تھے۔ ملزمان نے ملی بھگت سے 63 کریڈٹ کارڈ جاری کروائے۔

گرفتار ملزمان کو جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے متعلقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا، جب کہ باقی ملزمان کی گرفتاری کےلیے کوششیں جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔