کڈنی ہلز ریفرنس میں سلیم مانڈوی والا، اعجازہارون اورعبدالغنی مجید پر فرد جرم عائد

اسٹاف رپورٹر  بدھ 23 جون 2021
تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا

تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا

 اسلام آباد: احتساب عدالت نے کڈنی ہلز ریفرنس میں سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، اعجازہارون اورعبدالغنی مجید سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا اور عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہان طلب کر لیے۔ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سمیت دیگر ملزمان کے کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہو گیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی،عدالت نے تمام ملزمان کو چارج شیٹ پیش کی۔ ملزمان میں طارق محمود، عبدالقادرشہوانی بھی شامل ہیں۔

عدالت نے بیانات قلمبند کرنے کیلئے گواہوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے گواہان نثار مگسی اور شیخ کمال کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ کیس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ اور عدالتوں میں بلائیں گے، غلط ریفرنسز سے متعلق سوالات پوچھے جائیں گے، اگر جاوید اقبال دوبارہ چیرمین نیب بنے تو اور تباہی ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔