میری زندگی پر فلم بنی تو ہمایوں سعید کو ہیرو کے کردار میں دیکھنا چاہتا ہوں، جہانگیر خان

ویب ڈیسک  بدھ 23 جون 2021
ہمارے ملک میں بہت سے لیجنڈ اداکار ہیں جن کی زندگیوں پر فلم بننی  چاہیئں ، جہانگیر خان فوٹوفائل

ہمارے ملک میں بہت سے لیجنڈ اداکار ہیں جن کی زندگیوں پر فلم بننی چاہیئں ، جہانگیر خان فوٹوفائل

کراچی: پاکستان کے لیجنڈ اسپورٹس مین اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے کہا ہے کہ اگر میری زندگی پر فلم بنی تو اداکار ہمایوں سعید کو ہیرو کے کردار میں دیکھنا چاہوں گا۔

جہانگیر خان حال ہی میں  نجی ٹی وی کے شو ’جشن کرکٹ‘ میں شریک ہوئے جہاں میزبان نے ان سے پوچھا آپ کا پسندیدہ اداکار کون ہے جس پر جہانگیر خان نے جواب دیا  کہ میں فلمیں اور ڈرامے نہیں دیکھتا۔ تاہم میں نے جتنے پرانے ڈرامے دیکھے ہیں ان میں مجھے اداکار عابد علی، ناصر صاحب اور جمشید انصاری پسند ہیں۔

میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کے آپ کی پسندیدہ اداکارہ کون ہیں اس پر جہانگیر خان نے کہا کہ انہیں اداکارہ شہناز شیخ اور مرینہ خان وغیرہ پسند ہیں۔

میزبان نے جہانگیر خان سے پوچھا اگر آپ کی زندگی پر فلم بنتی ہے تو آپ کسے ہیرو کے کردار میں دیکھنا چاہیں گے۔ میزبان کے سوال کے جواب میں جہانگیر خان نے کہا  کہ ہمارے ملک میں بہت سے لیجنڈ اداکار ہیں جن کی زندگیوں پر فلم بننی چاہیئں تاکہ ہماری نوجوان نسل ہمارے لیجنڈز کے بارے میں جانے اور ان کی زندگی سے مقصد حاصل کرے۔

اپنی زندگی پر بننے والی فلم میں  ہیرو کے کردار کے لیے جہانگیر خان نے اداکار ہمایوں سعید کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ہمایوں سعید یہ کردار ادا کرسکتے ہیں۔

میزبان نے جہانگیر خان سے پوچھا کیا کبھی آپ نے اپنی زندگی پر کتاب لکھنے کے بارے میں سوچا جس پر انہوں نے کہا میری زندگی پر انگلینڈ میں کتاب لکھی گئی ہے لیکن میں نے ابھی تک نہیں لکھی۔

واضح رہے کہ جہانگیر خان کو 28 نومبر 1981 کو دنیا کے سب سے کم عمر ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ وہ 555 مقابلوں کے فاتح اور پاکستان کے عظیم کھلاڑی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔