امریکا نے 33 ایرانی نیوز ویب سائٹس بند کردیں

ویب ڈیسک  بدھ 23 جون 2021
ویب سائٹس کو امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی وجہ سے بند کیا گیا ہے، امریکی محکمہ انصاف۔ فوٹو:فائل

ویب سائٹس کو امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی وجہ سے بند کیا گیا ہے، امریکی محکمہ انصاف۔ فوٹو:فائل

واشنگٹن: امریکا نے اپنے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) اور محکمہ تجارت کی مدد سے 33 ایرانی ویب سائٹس کو بند کردیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا نے ایران کی 33 نیوز ویب سائٹس کو بند کردیا ہے، اور امریکی محکمہ انصاف نے اس حوالے سے مؤقف دیا ہے کہ ایرانی حکومت کے زیر انتظام چلنے والی 33  اور عراقی گروپ کتائب حزب اللہ کی 3 ویب سائٹس کو امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ بند کی گئیں ویب سائٹس میں اکثر غلط معلومات پھیلانے اور پرتشدد تنظیموں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ملوث تھیں، اور امریکی جغرافیائی ڈومینز پر بنائی گئی تھیں اور یہ عمل ایران اور عراقی گروپ پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان ویب سائٹس کو امریکی حکومت نے بند کیا ہے اور اس بندش میں امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی) اور محکمہ تجارت نے بھی کردار ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ پابندی کا شکار ہونے والی 33 ویب سائٹس ایران کے اسلامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن یونین (آئی آر ٹی وی یو)کے زیرانتظام چلائی جاتی تھیں۔ اور یہ  ادارہ پاسدران انقلاب کی کور القدس فورس (آئی آر جی سی) کے زیرانتظام ہے، جب کہ یہ دونوں ادارے امریکی پابندیوں کی وجہ سے بلیک لسٹ میں شامل ہیں۔  پابندیوں کی وجہ سے ان اداروں کے ساتھ  امریکی شہریوں، اداروں، غیر ملکی یا غیر امریکی اداروں کا کاروبار کرنا غیر قانونی ہے، جب کہ ایسے ادارے جن کے ذیلی ادارے امریکا میں ںہیں ہیں ان کا بھی ایرانی اداروں یا ان کے ذیلی اداروں کے ساتھ کاروبار غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔