مریم نواز کا مرحوم عثمان کاکڑ کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ

 بدھ 23 جون 2021
عمران خان کا خواتین کے کپڑوں کو ریپ سے جوڑنا ان کی ذہنیت ہے، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

عمران خان کا خواتین کے کپڑوں کو ریپ سے جوڑنا ان کی ذہنیت ہے، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عثمان کاکڑ کی موت پر اگر سوال اٹھ گئے ہیں تو تحقیقات ہونی چاہئیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت میں پیشی کے موقع پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما عثمان کاکڑ کی موت پر اگر سوال اٹھ گئے ہیں تو تحقیقات ہونی چاہئیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے مختلف اجلاسوں میں عثمان کاکڑ سے ملاقات ہوئی تو پتہ چلا بہت منجھے ہوئے انسان ہیں، اگر انہیں اس وجہ سے قتل کیا گیا کہ آواز دب جائے گی تو ایسا نہیں ہوگا، ایسے اقدامات سے آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ، مزید آوازیں اٹھیں گی۔

وزیراعظم عمران خان کے خواتین کے لباس کے حوالے سے بیان پر لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا خواتین کے کپڑوں کو ریپ سے جوڑنا ان کی ذہنیت ہے، ان کے بیان سے ریسپٹ (بدفعلی کے مرتکب افراد) کو حوصلہ ملے گا، چھوٹے بچوں کے ساتھ جو ریپ کے واقعات ہوئے کیا وہ بھی ان کے لباس کی وجہ سے ہوئی۔

پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ  موجودہ وزیر اعظم عوام کا نمائندہ نہیں ہے اور یہ الیکٹ ہوکر نہیں آئے بلکہ ان کو عوام کے سر پر مسلط کیا گیا ہے۔ اس حکومت نے پاکستان کی ترقی میں ایک اینٹ کا اضافہ نہیں کیا،  تیسرا بجٹ چوتھے وزیر اعظم نے پیش کیا، نوازشریف کے دور میں ترقی ہوئی، بجلی بنانے کے لیے پلانٹ موٹر وے اور سی پیک کا پراجیکٹ لائے گئے، جو  منصوبے نوازشریف نے لگائے ان پروجیکٹس کو آج حکومت گروی رکھ کر قرضے لے رہی ہے، قوم کی امانت موٹروے ہوائی اڈے کو گروی نہیں رکھا جا سکتا، قرضے کہاں خرچ ہوئے اس کا جواب دینا ہوگا،  رنگ روڈ اسکینڈل میں اپنوں کو نوازا گیا اور اسکینڈل کے مجرمان کو رات و رات ملک سے باہر فرار کروادیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام نے قربانیوں کے بعد ایٹمی قوت حاصل کی ہے، ایٹمی قوت کے لئے ذوالفقارعلی بھٹو، نواز شریف اور عوام نے قربانیاں دی ہیں، اگر ایٹمی پروگرام نہ ہوتا آج مسلئہ کشمیر کے علاوہ اور مسائل کھڑے ہوتے، ایک سلکٹیڈ وزیر اعظم کو ایسے بیانات کا کوئی حق نہیں ہے، عمران کی سوچ مجرمانہ سوچ کی عکاس ہے، ان کی ایسی سوچ سے پاکستان کو آزادی چائیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔