بھارت میں 19 اے ٹی ایم سے 48 لاکھ روپے چوری، انوکھی واردات پر ماہرین بھی دنگ

ویب ڈیسک  بدھ 23 جون 2021
اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے شہر بھر میں سروس معطل کردی، فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے شہر بھر میں سروس معطل کردی، فوٹو: فائل

چینائی: بھارت میں دو چوروں نے 19 اے ٹی ایم سے 48 لاکھ روپے چرا لیے اور حیران کن طور پر بینک کے ریکارڈ میں مجموعی بیلنس وہی رہا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق تمل ناڈو کے دارالحکومت چینائی میں پولیس کو دو چوروں کی تلاش ہے جنہوں نے انوکھے انداز میں 19 اے ٹی ایم سے اس طرح رقم چرائی کہ مشین کو معمولی سا بھی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی بینک کے مجموعی بیلنس کوئی کمی واقع ہوئی۔

اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے شہر کی 19 اے ٹی ایم سے 48 لاکھ کی چوری کے بعد شہر بھر میں اے ٹی ایم سروس معطل کردی۔ پولیس اور ماہرین سر جوڑ کر بیٹھ کرگئے ہیں کہ کس طرح چور صرف جاپانی ساختہ مخصوص اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے چوروں نے اے ٹی ایم کے سینسرز کو روکنے کے لئے کسی طرح کا آلہ استعمال کیا۔ وہ مشین سے نقد رقم نکلواتے اور اس وقت تک انتظار کرتے رہتے جب تک کہ مشین رقم واپس کھینچنا شروع نہ کردے اور جیسے ہی مشین ایسا کرتی چور وہ آلہ ہٹا دیتے لیکن مشین دکھائے گی کہ نکالی گئی تمام رقم واپس جمع کرا دی گئی ہے۔

چوروں کو پکڑنے کے لئے ایڈیشنل کمشنر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔ ٹیم نے تفتیش کے لیے اے ٹی ایم بنانے والی جاپانی کمپنی سے بھی رابطہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔