سودی نظام ختم کرکے کسی کو بھی کرسی پر بٹھادیں ملک ترقی کریگا، علی محمد

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جون 2021
عمران خان نوجوانوں کو سیاست میں لائے اور احتساب کا پیغام دیا، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور

عمران خان نوجوانوں کو سیاست میں لائے اور احتساب کا پیغام دیا، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور

 اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ سودی نظام ختم کرکے کسی کو بھی کرسی پر بٹھادیں ملک ترقی کریگا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں علی محمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نبی پاکؐ نے ساڑھے 14 سو سال پہلے کہا تھا مجھے ہند سے ٹھنڈی ہوائیں آتی ہیں، قائد اعظم نے پاکستان کیلئے مدنی ریاست کا خواب دیکھا، جب بچوں کی ریپ کی آواز آئی تب اس ایوان میں سرعام پھانسی کی قرارداد آئی ،عمل چاہے جب بھی ہو، میں ہر بجٹ تقریر میں رونا روتا ہوں سودی نظام سے نکلو۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا ہم نے مغرب کے معاشی نظام کی پیروی نہیں کرنی، وہ معاشی نظام انہیں اندھیرے میں جھونک چکا، ہم نے ملکر اگر سودی نظام کو ختم کر دیا تو کسی کو بھی کرسی پر بٹھا دیں یہ ملک چل پڑیگا، ہمارا نظریہ پاکستان اور اسلام ہے، ہم سیاسی نظریے میں اپنی لیڈر شپ کے ساتھ ہیں کرپشن میں نہیں۔

علی محمد خان نے مزید کہا کہ موٹرویز کا کریڈٹ میاں صاحب کو جاتا ہے، بھٹو صاحب کو قادیانیت کے خلاف کام کرنیکا کریڈٹ جاتا ہے، اس ایوان نے اسلامی سزاؤں کی اور ختم نبوتؐ کی قرارداد پاس کی، اگر بھٹو نے غریب کی زبان کو آواز دی تو عمران خان نوجوانوں کو سیاست میں لائے اور احتساب کا پیغام دیا، ہم نے اپنے ہی لوگوں کیخلاف احتساب شروع کرایا، احتساب پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں اپنی قیادت سے سوال کریں، ہم آئین، ختم نبوتؐ، حرمت رسولؐ اور پاکستان پر ایک ہیں، عمران خان نے کسی بھی مسلم ملک کیخلاف یہ سرزمین دینے سے انکار کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔