کراچی اور اسلام آباد دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں شامل

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جون 2021
ہانگ کانگ، بیروت اور ٹوکیو مہنگے شہروں میں شامل

ہانگ کانگ، بیروت اور ٹوکیو مہنگے شہروں میں شامل

امریکی مالیاتی مشاورتی فرم مرسر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو 2021ء کیلئے دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں شامل کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مرسر نے رہن سہن کے اخراجات کا 2021ء کے لیے سروے جاری کیا ہے جس کے مطابق ترکمانستان کا شہر عشق آباد دنیا کا سب سے مہنگا شہر ہے جس کے بعد بالترتیب ہانگ کانگ، بیروت اور ٹوکیو مہنگے شہروں میں شامل ہیں۔

زندگی گزارنے کے لیے سب سے سستا شہر کرغزستان کا دارالحکومت بشکیک ہے۔ دوسرے نمبر پر زیمبیا کا شہر لوساکا اور تیسرے نمبر پر جارجیا کا شہر تبلیسی ہے۔ سستے شہروں میں کراچی 9 ویں اور اسلام آباد 11 ویں نمبر پر ہے۔ 209 شہروں کی فہرست کو مرتب کرنے کے لیے 200 سے زائد مختلف اخراجات کا جائزہ لیا گیا جن میں رہائش، سفر، خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سستے ترین شہروں میں سے 5 افریقہ کے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں عالمی میگزین اکانومسٹ نے کراچی کو رہائشی سہولیات کے لحاظ سے دنیا کے 10 بدترین شہروں کی فہرست میں شامل کیا تھا، جس کی وجہ انفراسٹرکچر، صحت اور تعلیم کی خراب صورتحال ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔