یکم جولائی سے گھی و تیل کی قیمتیں 18 روپے فی کلو تک بڑھ جائیں گی

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جون 2021
نئے بجٹ میں لگایا گیا ٹیکس واپس لیا جائے، تیل و گھی مینوفیکچررز نے وزیراعظم کو ٹیکس ہٹانے کے لیے خط لکھ دیا (فوٹو : فائل)

نئے بجٹ میں لگایا گیا ٹیکس واپس لیا جائے، تیل و گھی مینوفیکچررز نے وزیراعظم کو ٹیکس ہٹانے کے لیے خط لکھ دیا (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: بجلی، گیس اور پٹرولیم کے بعد شہری خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے تیار ہوجائیں، یکم جولائی سے گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں 13 سے 18 روپے فی کلو اضافہ ہوجائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گھی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ فنانس بل 2021-22 میں نئے ٹیکسز کا نفاذ ہے۔ اس حوالے سے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کو پیشگی آگاہ کردیا ہے کہ قیمتیں بڑھیں گی۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اگر ٹیکسز واپس نہ لیے گئے تو پھر یکم جولائی سے گھی اور تیل 13 سے 18 روپے تک مہنگا ہوجائے گا جس سے عام طبقہ متاثر ہوگا۔

پاکستان وناسپتی ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ معاملہ خزانہ کمیٹی میں بھی اٹھایا گیا تھا۔ کمیٹی نے پی وی ایم اے کو وزارت خزانہ کے حکام سے معاملات حل کرنے کی ہدایت دی تھی تاہم پی وی ایم اے کی سیکریٹری خزانہ سے ملاقات بھی بے نتیجہ ثابت ہوئی جس کے بعد ایسوسی ایشن کی جانب سے خط وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کو لکھا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔