اسکاؤٹ ٹیچر کو 10 بچوں سے جنسی زیادتی پر 5 سال قید

ویب ڈیسک  جمعـء 25 جون 2021
72 سالہ ڈیوڈ بیری پر بچوں سے جنسی زیادتی کے 29 مقدمات تھے، فوٹو: فائل

72 سالہ ڈیوڈ بیری پر بچوں سے جنسی زیادتی کے 29 مقدمات تھے، فوٹو: فائل

ڈبلن: آئرلینڈ میں ایک اسکاؤٹ ٹیچر کو 22 سال کے دوران اپنے کیریئر میں 10 بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پر 5 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جمہوریہ آئرلینڈ کی ایک عدالت نے کارک سٹی میں اسکاؤٹ ٹیچر ڈیوڈ بیری کو بچوں سے زیادتی پر 5 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ سزا اسکاؤٹ ٹیچر پر 1986 سے 2008 کے دوران بچوں سے زیادتی کے زیر سماعت 29 جرائم پر دی گئی۔

ملزم ڈیوڈ بیری اپنے کیریئر کے دوران اسکول کے 13 سے 16 سالہ بچوں کو اپنے گھر بلا کر پہلے شراب پلاتا اور پھر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا کرتا تھا جس پر 72 سالہ ملزم کو 2108 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ کورونا وبا کی وجہ سے عدالتی کارروائی میں تاخیر ہوئی۔

ملزم نے دور دراز علاقے میں چھ کمروں پر مشتمل ایک بڑا گھر بنایا ہوا تھا جہاں اسکاؤٹنگ کے لیے بچے قیام کرتے تھے اور اسی دوران ڈیوڈ بیری نے بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

1987 میں ایک طالب علم کی والدہ نے اس حوالے سے شکایت بھی درج کرائی تھی جس پر یونٹ کونسل نے اس گھر میں کی جانے والی تمام سرگرمیوں پر پابندی لگادی تھی تاہم کچھ ہی عرصے بعد ڈیوڈ بیری نے دوبارہ گھر کھول دیا تھا۔

بچوں سے جنسی زیادتی کے کیسز سامنے آنے پر ڈیوڈ بیری کو 2010، 2017 اور 2019 میں ماہر نفسیات سے سیشن بھی کرائے گئے تھے تاہم عدالت نے اس فائدہ ملزم کو نہ دیتے ہوئے قید کی سزا سنائی۔ قید کے دوران بھی ملزم کے سیشن جاری رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔