جان ابراہم کی نیندیں کیوں اڑیں؟ اداکار نے وجہ بتادی

ویب ڈیسک  جمعـء 25 جون 2021
جان ابراہم پہلی بار شاہ رخ خان کیساتھ فلم ’پٹھان‘ میں ایکشن میں نظر آئیں گے

جان ابراہم پہلی بار شاہ رخ خان کیساتھ فلم ’پٹھان‘ میں ایکشن میں نظر آئیں گے

 ممبئی: بھارت میں جانوروں پر تشدد کے بڑھتے واقعات نے جان ابراہم کی نیندیں اڑادیں۔

بھارتی میڈیا پر اپنے ملک میں کتوں پر تشدد کے بڑھتے واقعات سے متعلق ایک رپورٹ دکھائی گئی جس میں 5 مختلف مقامات کی ویڈیوز دکھائی گئیں جس میں بھارتی شہری کتوں کو تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں۔

ایک ویڈیو میں چند نوجوان کتے کو پہلے مارتے ہیں اور پھر اس کی ٹانگیں کاٹ دیتے ہیں۔ ایک اور ویڈیو میں کتے کے پلے (پپیز) سڑک کنارے کھیل میں مشغول تھے کہ اس دوران ایک بائیک والا ان پر موٹرسائیکل چڑھاتا ہوا تیزی سے آگے نکل جاتا ہے۔ اسی طرح ایک اور ویڈیو میں چند نوجوان ایک کتے کی دم کے ساتھ فائر ورکس لگا دیتے ہیں جس سے وہ چلاتا رہتا ہے۔

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہم نے ایک ویڈیو بیان میں بھارت میں جانوروں پر تشدد کے بڑھتے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک وائرل ویڈیو دیکھا جس میں کتے کو بری طرح مارا جارہا تھا اور اس کی ٹانگیں کاٹی جارہی تھیں جب کہ ویڈیو دیکھنے کے بعد میں اتنا بے چین تھا کہ میں پوری رات سو نہیں پایا۔

واضح رہے جان ابراہم ان دنوں یش راج بینرز تلے بننے والے میگا بجٹ فلم ’پٹھان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ پہلی بار بالی ووڈ رومانس کنگ شاہ رخ خان کے مدمقابل کردار ادا کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔