ساڑھے نو گھنٹے میں 1000 اوریگامی پرندے بنانے کا نیا ریکارڈ قائم

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جون 2021
برطانوی نوعمر لڑکی نے ساڑھے نو گھنٹے میں 1000 اوریگامی پرندے تہہ کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ فوٹو: فیس بک ایولِن چا

برطانوی نوعمر لڑکی نے ساڑھے نو گھنٹے میں 1000 اوریگامی پرندے تہہ کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ فوٹو: فیس بک ایولِن چا

 لندن: برطانوی نوعمر لڑکی نے ساڑھے نو گھنٹے تک رکے بغیر اوریگامی انداز سے موڑے گئے 1000 کاغذی پرندے بناکر ایک نیا ریکارڈ بناکر اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروایا ہے۔

ایولِن چا نے اس دوران نہ ہی کچھ کھایا اور نہ پیا اور نہ ہی وہ بیت الخلا میں گئیں۔ ان کے سامنے ایک مقصد تھا جس کے لیے بنا تھکے وہ تیزی سے اوریگامی پرندے بناتی رہیں۔ اوریگامی ایک جاپانی فن ہے جس میں رنگ برنگی کاغذوں کو تہہ کرکے ان سے دلچسپ اشکال بنائی جاتی ہیں۔ ایولِن اس ریکارڈ سے 1000 برطانوی پاؤنڈ رقم بنانا چاہتی تھیں تاکہ اسے فلاحی امور میں استعمال کیا جائے لیکن حیرت انگیز طور پر انہوں نے اپنے ہدف سے زائد یعنی 2300 پاؤنڈ کی رقم اکٹھا کرلی۔

ایولِن کےمطابق یہ رقم برطانیہ میں نیشنل ہیلتھ ورکرز کے رضاکاروں کو عطیہ کی جائے گی۔ اس سے قبل 12 گھنٹوں میں 1000 پرندے بنانے کا ریکارڈ قائم ہوا تھا جسے ڈھائی گھنٹے کے فرق سے توڑا گیا ہے۔ ان کے مطابق 1000 پرندے بہت کافی ہیں اور جاپانی تہذیب میں 1000 اوریگامی پرندے بنانے کا بھی رواج ہے جس کے بعد دل کی مراد پوری ہوجاتی ہے۔

اب وہ پورے عمل کی ویڈیو اور دیگر تفصیلات گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ کے پاس بھجوارہی ہیں تاکہ باضابطہ طور پر ان کے ریکارڈ کا اعتراف کیا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔