انگلینڈ سیریز جیت کر ورلڈکپ کوالیفائی کیلیے اچھا آغاز ہدف ہے، بابراعظم

محمد یوسف انجم  ہفتہ 26 جون 2021
جنوبی افریقہ کےخلاف سیریز میں عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری رکھنے کی کوشش کریں گے، کپتان

جنوبی افریقہ کےخلاف سیریز میں عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری رکھنے کی کوشش کریں گے، کپتان

 لاہور: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف  ون ڈےسیریز جیت کر ورلڈکپ کوالیفائی کے لیے اچھا آغاز کرنے کو اولین ہدف قرار دے دیا۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ   ون ڈےکرکٹ زیادہ نہیں ہورہی لیکن اس کے باوجود جوش وخروش اور جذبےمیں کمی نہیں آئی، جنوبی افریقہ کےخلاف سیریز میں عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ون ڈے  میں مائنڈ کو تھوڑا تبدیل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، ون ڈے  ٹیم میں حارث سہیل اور سعود شکیل کے آنے سے مڈل آرڈرکو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی،مڈل آرڈر میں جو کچھ مشکلات کا سامنا تھا، امیدہے کہ  اس سیریز میں پہلے کی طرح مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

بابراعظم نے کہاکہ انگلینڈ میں اچھی وکٹیں ملتی ہیں جو ہمارے لیے بھی ساز گارہوتی ہیں، ہمارا کمبی نیشن کافی اچھا بنا ہواہے،تمام لڑکے اچھا کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ مختلف کنڈیشنز میں پرفارم کرنا ہمیشہ چیلنج ہوتاہے، میزبان ٹیم ون ڈے کی بہترین ٹیم ہے، اس کے خلاف جب بھی میچ ہواہم نے اچھی فائٹ کی ہے، ان کی ٹیم میں بٹلر، اسٹوکس، جوےروٹ ، مورگن جیسے بہترین کھلاڑی ہیں، ورلڈکپ میں انگلینڈ کو کافی ٹف ٹائم دیاہے، اس بار بھی یہ ہی کوشش ہوگی۔

بابر اعظم نے بتایا کہ کپتانی کو انجوائے کررہاہوں اور اس میں مزید بہتری لانے کے لیے سیکھ رہاہوں، لڑکے بھی مکمل سپورٹ کررہےہیں، سب کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے، میچ کی صورتحال کےمطابق کوشش کرتا ہوں کہ زیادہ جذباتی نظر آنے کے بجائے ٹھنڈے دماغ کےساتھ فیصلے کروں۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ کھیل میں ہر دن اچھا نہیں ہوتا،اس کے باوجود کوشش کرتا ہوں کہ ہر اننگز اچھی کھیلوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔