بھارت میں کورونا ویکسین کے بجائے نمک ملے پانی کا ٹیکہ لگانے کا انکشاف

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جون 2021
ڈھائی ہزار افراد کو جعلی ویکسین لگوائی جا چکی ہے، فوٹو: فائل

ڈھائی ہزار افراد کو جعلی ویکسین لگوائی جا چکی ہے، فوٹو: فائل

 ممبئی: بھارت کے دوشہروں کے 9 مقامات پر کورونا ویکسین کی جگہ نمک ملے پانی کا انجیکشن لگانے کا انکشاف ہوا ہے۔  

بھارتی میڈیا کے مطابق سیاست دان میمی چکروتی نے جعلی ویکسین کا شک ہونے پر پولیس کو مطلع کیا تھا جس پر ہونے والی تحقیقات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ممبئی میں 2 ہزار اور کولکتہ میں 500 افراد کو کورونا ویکسین کے نام پر نمک ملا پانی کا ٹیکہ لگایا گیا۔

ممبئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 کیمپس کو بند کردیا اور نجی اسپتال کے 2 ڈاکٹرز سمیت 10 افراد کو حراست میں لے کر دھوکہ دہی سے حاصل کیے گئے 12 کروڑ 40 لاکھ روپے برآمد کرلیے۔

دوسری جانب کولکتہ پولیس میں جینیات میں ماسٹرز ڈگری رکھنے والے سرکاری ملازم کو گرفتار کرلیا جو 8 جعلی ویکسینیشن کمیپس چلا رہا تھا۔ ان کیمپس میں زیادہ تر معذور اور خواجہ سراؤں کو ٹیکے لگائے گئے تھے۔

بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسینیشن مہم جاری ہے تاہم اس میں بدانتظامی اور کرپشن کے کئی کیسز سامنے آئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔