ن لیگ کا سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والوں کے اثاثے سامنے لانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  اتوار 27 جون 2021
ایف بی آر کا اختیار نیب کو دینا عمران صاحب کی غنڈہ گردی ہے،  مریم اورنگزیب  (فوٹو: فائل)

ایف بی آر کا اختیار نیب کو دینا عمران صاحب کی غنڈہ گردی ہے، مریم اورنگزیب (فوٹو: فائل)

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے  سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والوں کے اثاثے پبلک کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کا اختیار نیب کو دینا عمران صاحب کی غنڈہ گردی ہے، نیب گردی کر کے ٹیکس ریوینیو میں اضافہ نہیں ہوتا، 2001 سے اطلاق کرنا عمران صاحب کی بدنیتی کا اظہار ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد یہ نیا ہتھکنڈا ختیار کیاگیا، عوامی عہدیداروں کے اثاثہ جات تو پہلے ہی ظاہر ہوتے ہیں، ایف بی آر کے پاس تمام ریکارڈ اور تفصیلات موجود ہیں تاہم ایف بی آر سے یہ اختیار نیب کو دینے کے پیچھے کیا ایجنڈا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کرکے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہر کیے جائیں، 3 سال میں نیب نیازی گٹھ جوڑکی غنڈہ گردی نے ملک اور معیشت کو تباہ کیا، ایف بی آر افسران کا ٹیکس دہندگان کو گرفتارکرنے کا اختیار مکمل ختم کیاجائے، یہ فسطائی اقدامات عمران صاحب کے فسطائی اور بیمار ذہن کی عکاسی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔