ایم کیو ایم کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ساجد قریشی کا قاتل لیاری سے گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 27 جون 2021
ساجد قریشی کو جون 2013 میں کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ فوٹو:فائل

ساجد قریشی کو جون 2013 میں کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ فوٹو:فائل

کراچی: سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے جس نے ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی ساجد قریشی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق  کراچی کے علاقے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا مبینہ دہشتگرد گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے ایک دستی بم برآمد ہوا۔ ملزم کی شناخت عبیدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ کی 6 وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم نے ایم کیو ایم کے ساجد قریشی کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے اور اب مزید اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کررہا تھا، ملزم عبیدالرحمان کا بھائی عاصم کیپری پہلے ہی دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ہے۔

واضح رہے کہ ساجد قریشی کراچی کے حلقہ پی ایس 106 سے ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، جون 2013 کو وہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں جمعے کی نماز کی ادائیگی کے بعد گھر لوٹ رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں ساجد قریشی اور ان کا 26 سالہ بیٹا لقمہ اجل بن گئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔