جوہر ٹاؤن میں دھماکا خیز مواد والی گاڑی کھڑی کرنے والا ملزم بھی گرفتار

ویب ڈیسک  پير 28 جون 2021
گاڑی کے آخری مالک پال ڈیوڈ نے بھی دہشت گرد کی شناخت کر لی ہے، تفتیشی ذرائع۔ فوٹو:سوشل میڈیا

گاڑی کے آخری مالک پال ڈیوڈ نے بھی دہشت گرد کی شناخت کر لی ہے، تفتیشی ذرائع۔ فوٹو:سوشل میڈیا

لاہور: جوہرٹاؤن میں دھماکے سے بھری کار پارک کرنے والا ملزم راولپنڈی سے گرفتار کرلیا گیا۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جائے وقوعہ پر گاڑی چھوڑ کرآنے والا ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بارودی گاڑی لاہورلانے والا دہشت گرد اور ایک خاتون گرفتار

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت عید گل کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کی گرفتاری کے بعد پہلے سے گرفتار گاڑی کے آخری مالک پال ڈیوڈ نے بھی دہشت گرد کی شناخت کر لی ہے، پیٹر پال ڈیوڈ نے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی عید گل کو ہی دی تھی، اور خود پیٹر پال ڈیوڈ نے یہ کار دھماکے سے 7 روز پہلے گوجرانولہ سے خریدی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جوہر ٹاؤن دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، جب کہ دھماکے سے 3 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں مکمل طور پر اور ایک رکشہ جزوی تباہ ہوگیا۔ رات گئے تک پولیس نے دھماکے میں نے استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ لگایا اور بتایا کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی نمبر ایل ای بی 9928  گیارہ سال قبل 29 نومبر 2010 کو صبح  پونے 10 بجے گوجرانوالہ سے چھینی گئی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ کینٹ گوجرانوالہ میں درج ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جوہر ٹاؤن دھماکے میں را کے ملوث ہونے کے شواہد مل گئے

25 جون کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور ایئرپورٹ سے پیٹر پال ڈیوڈ نامی ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا تھا۔ جو غیر ملکی شہری بتایا جارہا ہے۔ گرفتار ملزم پیٹرپال نے اعتراف کیا کہ دھماکے سے 7 روز قبل اس نے گاڑی گوجرانوالہ سے خریدی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔