مسافروں کی سلامتی کیلیے پی آئی اے طیارے کو بھارتی حدود میں لے جانا پڑگیا

اسٹاف رپورٹر  پير 28 جون 2021
جہاز کے کپتان نے لاہور اور دہلی ایئر ٹریفک کنٹرول سے کلیئرنس حاصل کی (فوٹو : فائل)

جہاز کے کپتان نے لاہور اور دہلی ایئر ٹریفک کنٹرول سے کلیئرنس حاصل کی (فوٹو : فائل)

 کراچی: خراب موسم کے باعث مسافروں کی سلامتی کے پیش نظر پی آئی اے طیارے کو بھارتی حدود میں لے جانا پڑگیا جہاں وہ آٹھ منٹ تک پرواز کرتا رہا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا جس میں قومی ایئرلائن کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 306 نے مختصر وقت کے لیے بھارتی حدود استعمال کی۔ جس وقت جہاز لاہور کے قریب پہنچا تو اس وقت جہاز کے اپنے مقررہ روٹ پر سفر جاری رکھنے کے لیے موسم سازگار نہیں تھا۔

غیرمعمولی موسمی حالات کے پیش نظر اور مسافروں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کی وجہ سے قوانین کے تحت جہاز کے عملے کو بھارتی حدود کا استعمال ناگزیر ہوگیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پرواز کو بغیر بھارتی حدود استعمال کیے ایک متبادل راستہ بلوچستان کے ذریعے پشاور ائرپورٹ پر لینڈنگ کے بھی موجود تھا تاہم اس میں راستے کی طوالت کے پیش نظر اضافی ایندھن کی ضرورت تھی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق دوران پرواز جہاز کے کپتان نے لاہور اور دہلی ایئر ٹریفک کنٹرول سے کلیئرنس حاصل کی جبکہ دونوں ممالک کے مابین موجود ہاٹ لائن پر مبنی ایلفا کنٹرول، ائرڈیفنس کلیئرنس بھی موجودتھی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ائر لائن کا جہاز پیشگی اطلاع کے بعد 8 منٹ تک بھارتی فضائی حدود میں رہا، جہاز کو بھارتی حدود سے گزار کر اسلام آباد ائرپورٹ پر اتارا گیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق خراب موسم یا ایمرجنسی میں انٹرنیشنل قوانین کے تحت پرواز کسی بھی ملک کی طرف موڑی جا سکتی ہے، ایمرجنسی میں بین الاقوامی ایوی ایشن آرگنائزیشن رکن ممالک پر معاہدوں کی  پاس داری لازم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔