فرانس نے امریکا کیلیے دوسرا مجسمہ آزادی بھی تیارکرلیا

ویب ڈیسک  منگل 29 جون 2021
فرانس نے امریکہ کے لیے دوسرا مجسمہ آزادی تیار کیا ہے جو اس سال یومِ آزادی پر نصب کیا جائے گا۔ فوٹو: سی این این

فرانس نے امریکہ کے لیے دوسرا مجسمہ آزادی تیار کیا ہے جو اس سال یومِ آزادی پر نصب کیا جائے گا۔ فوٹو: سی این این

پیرس: فرانس نے امریکا کے لیے ایک نیا مجسمہ آزادی تیار کیا ہے جو اس سال امریکی یومِ آزادی پرنصب کیا جائے گا۔ لیکن اس کی جسامت اصل اور بڑے ’اسٹیچو آف لبرٹی‘ کے سولہویں حصے کے برابر ہے۔ اس کا وزن 450 کلوگرام، اونچائی 10 فٹ اور اس کا نام ’چھوٹی بہن‘ (لٹل سسٹر) رکھا گیا ہے۔

پیرس کے نیشنل میوزیم آف آرٹس اینڈ کرافٹس ( سی این اے ایم) نے اسے ڈیزائن کیا ہے اور اسے یکم سے پانچ جولائی کے درمیان اصل مجسمہ آزادی کے پاس یعنی ایلس جزیرے پرایستادہ کیا جائے گا۔  واضح رہے کہ یہ یہ 1878 والے اصل مجسمہ آزادی والے ڈیزائن کی ہوبہو نقل ہے۔ یہ نقل پلاسٹر آف پیرس سے کاڑھی گئی تھی جو اب تک پیرس کے نیشنل میوزیم میں رکھی ہے۔

سی این اے ایم کے جنرل ایڈمنسٹریٹر، اولیویئر فیرون نے کہا کہ یہ مجسمہ پوری دنیا کے لئے روشنی اور آزادی کی علامت ہے اور یہ فرانس ، امریکہ دوستی کی ایک اہم علامت ہے۔

نیویارک میں اس وقت جو مجسمہ نصب ہے وہ 151 فٹ بلند ہے جو ایک بہت بڑے چبوترے پر ایستادہ کیا گیا ہے۔ یہ رومی دیوی لیبرٹاس کو ظاہر کرتا ہے اور اس کےسر پر سات نوکوں والا تاج سورج کی کرنوں کو ظاہرکرتا ہے جو دنیا کو منور کررہی ہیں۔ اس کےہاتھ میں جو تختی ہے اس پر امریکہ کا یومِ آزادی تحریر ہے۔ اس کے الٹے ہاتھ اور الٹے پاؤں پر شکستہ زنجیریں بنائی گئی ہیں جو غلامی کے خاتمے اور آزادی کو ظاہر کرتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔