سوئی سدرن گیس کمپنی کا کراچی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا اعتراف

ویب ڈیسک  پير 28 جون 2021
شہر کے بیشترعلاقوں میں گھریلوصارفین کوگیس کے کم پریشرکی شکایات ہیں۔ فوٹو: فائل

شہر کے بیشترعلاقوں میں گھریلوصارفین کوگیس کے کم پریشرکی شکایات ہیں۔ فوٹو: فائل

 کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لوڈ شیڈنگ نہیں کریں گے تو گیس کے ترسیلی نقصانات کا بوجھ عوام کو ہی اٹھانا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطا بق کراچی کے مقامی ہوٹل میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے گیس کے نرخوں سے متعلق عوامی سماعت کے بعد ایس ایس جی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹرعمران منیار کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ گیس کے زیادہ نقصانات والےعلاقوں میں رات 11بجے سے صبح 6 بجے تک گیس بند کی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر گیس بند نہیں کریں گے تو گیس کے ترسیلی نقصانات کا بوجھ عوام کو ہی اٹھانا پڑے گا، انہوں نے گیس کے نقصانات پر قابو پانے کے بجائے تمام بوجھ عوام پر ڈالتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں گیس کی چوری اور رساؤ ہے ان علاقوں میں گیس بند کی جاتی ہے۔

گیس کی بندش پر عوامی آگاہی سے متعلق نوٹس جاری کرنے کے سوال پر ایم ڈی ایس ایس جی سی نے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کے الیکٹرک کی طرح ایس ایس جی سی بھی ان علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کرتی ہے جہاں چوری زیادہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔