ٹیسٹ چیمپئن شپ؛ پاکستان 14 میچزمیں قسمت آزمائے گا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 30 جون 2021
ہر ٹیم 6 سیریز کھیلے گی،3 ہوم اور اتنے ہی اوے کی بنیاد پرمقابلے شامل۔ فوٹو: فائل

ہر ٹیم 6 سیریز کھیلے گی،3 ہوم اور اتنے ہی اوے کی بنیاد پرمقابلے شامل۔ فوٹو: فائل

 دبئی:  ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن میں پاکستان 14 میچز میں قسمت آزمائے گا جب کہ سب سے زیادہ انگلینڈ اور دوسرے نمبر پر بھارت کے میچز ہیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 4 اگست سے شروع ہونے والی 5 میچز کی سیریز سے ہوگا،گذشتہ ایڈیشن کی طرح اس بار بھی 3 سے زائد میچز کی سیریز صرف بگ تھری انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت کھیلیں گے، باقی ممالک صرف 2 یا 3 ٹیسٹ میچز کی سیریزمیں حصہ لیں گے۔

بنگلادیش واحد ملک ہے جوصرف 2،2 میچز کی سیریز کھیلے گا، اگلے دورانیے میں سب سے زیادہ 21 میچزانگلینڈ کے ہوں گے، اس کے بعد بھارت 19، آسٹریلیا 18 اور جنوبی افریقہ 15 میچز کھیلے گا۔

پاکستان کو اگست 2021 سے جون 2023 کے دورانیہ میں 14 ٹیسٹ میچز کھیلنے کو ملیں گے، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز 13، 13 میچز کھیلیں گے، بنگلادیش 12 ٹیسٹ میں حصہ لے گا۔

اس بار سیریز کے بجائے ہر ٹیسٹ کی فتح پر 12 پوائنٹس ملیں گے، ڈرا پر 4 جبکہ ٹائی میچ پر 6 پوائنٹس فی ٹیم دیے جائیں گے، سلو اوور ریٹ پر پنالٹی بھی ہوگی، مقررہ وقت سے ایک اوور پیچھے رہنے کی صورت میں ایک پوائنٹ کاٹ لیا جائے گا۔

دوسرے ایڈیشن میں بھی ہر ٹیم 6 سیریز کھیلے گی،3 ہوم اور اتنی ہی اوے کی بنیاد پر ہوں گی، فائنل کے شیڈول اور وینیو کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔