ارچنا پورن سنگھ ’دی کپل شرما شو‘ سے باہر؟

ویب ڈیسک  بدھ 30 جون 2021
’دی کپل شرما شو‘ کے نئے سیزن کیلیے میزبان کپل شرما نے اپنا معاوضہ دگنا کیا ہے

’دی کپل شرما شو‘ کے نئے سیزن کیلیے میزبان کپل شرما نے اپنا معاوضہ دگنا کیا ہے

ممبئی: بھارتی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ ’دی کپل شرما شو‘ کے اگلے سیزن میں دکھائی نہیں دیں گی۔

بھارت کے کامیاب ترین کامیڈی پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ کو 6 ماہ کے وقفے کے بعد دوبارہ سے شروع کیا جارہا ہے، جس کی شوٹنگ کا  آغاز ہوچکا ہے۔  چند روز قبل پروگرام کے میزبان کپل شرما نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ہم بہت جلد آن ایئر ہوں گے اور اس نئے سیزن میں مداحوں کو بڑی تبدیلیاں دکھائی دیں گے۔

خیال رہے ’دی کپل شرما شو‘ میں بھارتی پنجاب کے رکن اسمبلی اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو جج کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں تاہم ایک پروگرام کے دوران پاکستانیوں کی حمایت میں بیان دینے پر ہندو انتہاپسندوں کے شدید احتجاج پر پروگرام انتظامیہ نے نوجوت سنگھ سدھو کی جگہ اداکارہ ارچنا پورن سنگھ کو جج کی ذمہ داری سونپ دی تھی۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کامیڈی پروگرام کے نئے سیزن کے لیے میزبان کپل شرما نے اپنا معاوضہ دُگنا کردیا اور اب یہ خبر سامنے آرہی ہے کہ پروگرام میں جج کے فرائض انجام دینے والی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ بھی نئے سیزن کا حصہ نہیں ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ ارچن پورن سنگھ ان دنوں ایک ویب سیریز کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے باعث وہ پروگرام کا حصہ نہیں ہوں گی تاہم خود ارچنا سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے اس فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پچھلے سال بھی اس طرح کی افواہیں سامنے آئی تھیں لیکن میں پھر بھی پروگرام کا حصہ تھی اور آگے بھی رہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔