حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مالیاتی مسائل کے حل کیلیے مزید 8 ارب جاری کردیے

احتشام مفتی  بدھ 30 جون 2021
موجودہ حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدکنندگان کو 46.7 ارب روپے جاری کرکے ریکارڈ قائم کرلیا

موجودہ حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدکنندگان کو 46.7 ارب روپے جاری کرکے ریکارڈ قائم کرلیا

کراچی: وفاقی حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمد کنندگان کے مالیاتی مسائل کے حل کے لیے ڈرا بیک آف لوکل ٹیکسز (ڈی ایل ٹی ایل) کی مد میں ادائیگیوں کے لیے مزید 8 ارب روپے جاری کردیئے ہیں۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران ماضی کی دو حکومتوں کے برعکس تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے برآمدگنندگان کو ڈی ایل ٹی ایل کی مد میں سب سے زیادہ مالیت کی ادائیگیاں کی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ 3 سال کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدکنندگان کو ڈی ایل ٹی ایل کی مد میں مجموعی طور پر 46.7ارب روپے جاری کرکے ریکارڈ قائم کرلیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور حکومت میں برآمدکنندگان کو مجموعی طور پر 24.91 ارب روپے جاری کیے گئے تھے۔ اسی طرح (ن) لیگ کے دور حکومت میں 5سال کے دوران برآمدکنندگان کو ڈی ایل ٹی ایل کی مد میں مجموعی طور پر 32.18ارب روپے جاری کیے گئے تھے۔

اس ضمن میں پاکستان اپیرل فورم کے سربراہ جاوید بلوانی نے بتایا کہ ڈی ایل ٹی ایل کی تسلسل سے مرحلہ وار ریفنڈ سے برآمدکنندگان کامالیاتی مسلہ حل ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالیاتی بحران ختم ہونے سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدکنندگان کا ناصرف اعتماد بڑھ رہا ہے بلکہ اس شعبے کی برآمدات بھی بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایل ٹی ایل کی ادائیگیوں پر ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی نمائندہ برآمدکنندہ تنظیمیں اور ایکسپورٹرز وزیراعظم ومشیر تجارت کے مشکور ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔