امریکا میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج، اسکول اورسرکاری دفاتربند، ہزاروں پروازیں منسوخ

رائٹرز  بدھ 22 جنوری 2014
شمالی مشرقی ریاستوں میں ایمر جنسی نافذ کر کے عوام کو غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، فوٹو : اے ایف پی/فائل

شمالی مشرقی ریاستوں میں ایمر جنسی نافذ کر کے عوام کو غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، فوٹو : اے ایف پی/فائل

واشنگٹن: امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برف باری نے نظام زندگی ایک بار پھر مفلوج کر کے رکھ دیا ہے اب تک 3 ہزارسے زائد پروازیں منسوخ جبکہ اسکول اور سرکاری ادارے بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق شدید برف باری نے امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، برف باری کے باعث اب تک 3 ہزارسے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ سرکاری ادارے اور اسکول بھی بند  ہیں ،شدید برف باری کے باعث شمالی مشرقی ریاستوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ عوام کو غیر ضروری سفر کرنے سے بھی گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

شدید برف باری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ نہ صرف وائٹ ہاؤس کو اپنی پریس کانفرنس  ملتوی کرنی پڑی بلکہ میساچوسٹس کے گورنر ڈیول پیٹرک کو بھی اپنا سالانہ ریاستی خطاب بھی منسوخ  کرنا پڑا جبکہ میری لینڈ اور دیلاویر میں حکومتی دفاتر عارضی طور پر بند کر دیئے گئے ہیں، کنیکٹی کٹ اور ورجینیا میں تمام اسکول اور کالجز بند ہیں اور انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔