دیس بدیس کے کھانے

مریم کنول  منگل 13 جولائی 2021
دیس بدیس کے کھانے

دیس بدیس کے کھانے

انّناس ڈرنک
اجزا:
اننّاس کے ٹکڑے (ایک پیالی)
تازہ پودینہ کی پتیاں (دس سے بارہ عدد)
پانی (ایک گلاس)
سوڈا واٹر (ایک بوتل)
پائن ایپل سیرپ (ایک پیالی)
برف(ایک پیالی)
شہد (حسب ذائقہ یا دو سے تین کھانے کے چمچے)
لیموں (ایک عدد)

ترکیب:
پہلے آدھی پیالی اننّاس کے ٹکڑے، پودینے کی پتیاں، پانی، سوڈا واٹر، پائل ایپل سیرپ، برف، شہد، لیموں کا رس تمام اشیا کو بلینڈر میں ڈال کر دو منٹ بلینڈ کر لیں، پھر گلاس میں ڈال کر بچائی ہوئی آدھی پیالی اننّاس کے ٹکڑے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر اوپر سے ڈال دیں۔ یہ مشروب ذائقے دار ہونے کے ساتھ ساتھ فرحت بخش بھی ہے، جو گرمیوں کے موسم میں تازگی کا احساس دلاتا ہے۔

بسکٹ اور چاکلیٹ شیک
اجزا:
دودھ (دو گلاس)
چینی (چار کھانے کے چمچے)
اوریو بسکٹ (چار عدد)
برف (ایک پیالی)
کریم (آدھی پیالی)
چاکلیٹ آئس کریم (دو، تین بڑے چمچے)
ویفرز (سجانے کے لیے)

ترکیب:
پہلے بلینڈر میں دودھ، چینی، بسکٹ اور کریم ڈال کر بلینڈ کر لیں، پھر اسے گلاس میں انڈیل کر اوپر سے آئس کریم ڈالیں اور ولیفرز سے گارنش کر کے پیش کریں۔

بلوچی سالن
اجزا:
مرغی یا بکرے کا گوشت (یک کلو)
دہی (تین پائو)
سرخ پسی ہوئی مرچ (ایک کھانے کا چمچا)
دھنیا (آدھا کھانے کا چمچا)
ہلدی (آدھا چائے کا چمچا)
نمک (حسب منشا)
پسا ہوا گرم مسالا (آدھا چائے کا چمچا)
پیاز (ایک عدد)
لہسن ادرک پسا ہوا (ڈیڑھ کھانے کے چمچا)
ہرا دھنیا کٹا ہوا (تین کھانے کے چمچا)
ہری مرچیں (دو عدد)
کالی مرچ (ایک چائے کا چمچا)
دودھ (آدھی پیالی)
تیل (حسب ضرورت)

ترکیب:
ایک پائو دہی، نمک، سرخ مرچ، دھنیا اور گرم مسالا، دودھ میں ملا کر گوشت میں شامل کر دیں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ باقی دہی اور رائتہ تیار کر لیں۔ اب کڑھائی میں دو پیالی تیل گرم کر کے مسالے سمیت گوشت کو پکوڑوں کی طرح تل لیں، پھر رائتے میں شامل کر لیں، آخر میں کھانے کے دو چمچے تیل گرم کر کے زیرے کو بھگار لگائیں۔ مزے دار بلوچی گوشت سالن کو چاول یا روٹی کے ساتھ پیش کریں۔

سنگاپوری چاول
اجزا:
بغیر ہڈی والا مرغی کا گوشت (آدھا کلو) پتلے ٹکڑے کر لیں
باسمتی چاول (دو پیالی) ابال لیں
پسے ہوئے لہسن اور ادرک (دو چائے کے چمچے)
انڈے والے نوڈلز (500 گرام)
ٹماٹو کیچپ (ایک پیالی)
لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)
پسی ہوئی لال مرچ، (ایک چائے کا چمچا)
سفید مرچ، پسی ہوئی (آدھا چائے کا چمچا)
پسی ہوئی برائون چینی (ایک چائے کا چمچا)
سویا سوس (آٹھ چائے کے چمچے)
گاجر، (ایک عدد) باریک کاٹ لیں
بند گوبھی، باریک کٹی ہوئی (100 گرام)
شملہ مرچ (ایک عدد) باریک کاٹ لیں
ہری پیاز (دو عدد) باریک کاٹ لیں
ہری مرچ (تین عدد) باریک کاٹ لیں
ادرک (لگ بھگ ایک انچ کا ٹکڑا )کدو کش کر لیں
انڈے (دو عدد) آملیٹ کی طرح تل لیں
نمک (حسب ذائقہ)
پسی ہوئی کالی مرچ (حسب ذائقہ)
تیل (تین کھانے کے چمچے)

ترکیب:
مرغی میں نمک، پسی ہوئی کالی مرچ اور ایک چائے کا چمچا سویا سوس ملا کر رکھ لیں، کڑاہی میں تیل گرم کر کے ’نوڈلز‘ تل کر رکھ لیں، دیگچی میں ایک کھانے کا چمچا تیل گرم کریں، ایک چائے کا چمچا پسا ہوا لہسن، ادرک ڈال کر سنہری کریں۔ پھر اس میں مرغی شامل کر کے رنگ تبدیل ہونے تک پکائیں، اس میں ٹماٹو کیچپ، برائون چینی، پسی اور کٹی ہوئی لال مرچ، ایک چوتھائی چائے کا چمچا، سفید مرچ، نمک اور تین چائے کے چمچے سویا سوس، ہلکی آنچ پر پکائیں، کڑاہی میں دو کھانے کے چمچے تیل گرم کر کے ایک چائے کا چمچا لہسن، ادرک سنہری کریں، اس میں سبزیاں، ادرک، انڈے اور چاول ملالیں۔ اس کے بعد ایک ڈش میں چاول، مرغی اور نوڈلز کی تہ لگا کر گرما گرم پیش کریں۔

فروٹ کرنچیز
اجزا :
میدہ(ڈیڑھ پیالی)
سوجی (ایک چوتھائی پیالی)
کھانے کاتیل (دو سے چار کھانے کے چمچے)
انڈے کی زردی (ایک عدد)
بیکنگ پائوڈر(آدھا چائے کا چمچا)
آئسنگ شوگر(دو چائے کے چمچے)
نمک(چٹکی بھر)
فلنگ کے اجزا:
باریک کٹے ہوئے بادام پستے (دو کھانے کے چمچے)
پسے ہوئے کاجو (ایک کھانے کا چمچا)
کھجور(ایک پیالی)گھٹلیاں نکال لیں
پسا ہوا کھوپرا (ایک کھانے کا چمچا)
ایک انڈے کی سفیدی
کیوڑا (ایک کھانے کا چمچا)

ترکیب:
میدہ، سوجی ، کھانے کا تیل، انڈے کی زردی، بیکنگ پائوڈر،آئسنگ شوگر، نمک ملاکر گوندھ لیں اور ایک سے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد کھجور، بادام، پستہ، کھوپرا، کاجو، کیوڑا ملا لیں۔ اب میدے کی روٹی بیل کر لمبی پٹیاں کاٹ لیں۔ تین انچ چوڑی اور تین انچ لمبی پٹی کاٹ کر درمیان میں انڈے کی سفیدی لگائیں اور فلنگ بھر دیں، ہاتھ سے کنارے دباکر اس کا منہ بند کر دیں۔ اس کے بعد گرم تیل میں ہلکی آنچ پر سنہری رنگ ہونے تک تل لیں اور غذائیت سے بھرپور فروٹ کرنچیز سے افطار کا لطف اٹھائیں۔

کاٹھیا واڑی چھولے
اجزا:
چھولے (250 گرام)
بیکنگ سوڈا (ایک چائے کا چمچا)
پانی (چھے سے آٹھ پیالی)
کٹا ہوا لہسن (ایک چائے کا چمچا)
کُٹی ہوئی لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)
نمک (ایک چائے کا چمچا)
کٹا ہوا ہرا دھنیا (دو سے تین کھانے کے چمچے)
بڑی ڈبل روٹی کے توست (دو عدد)
املی کا گودا (آدھی پیالی)
چاٹ مسالا (ایک چائے کا چمچا)

ترکیب:
پہلے چھولوں کو رات بھر کے لیے بیکنگ سوڈے والے پانی میں بھگو دیں۔ صبح انہیں اچھی طرح دھو کر پانی میں لہسن کے ساتھ اْبال لیں، یہاں تک کہ وہ آدھے گل جائیں۔ اب توست کو پانی میں بھگوکر بلینڈ کریں اور اْبلے چنے میں شامل کر دیں، پھر اس میں املی کا گودا، چاٹ مسالا، نمک اور کُٹی ہوئی لال مرچ ڈال کر پکائیں۔ یہاں تک کہ گریوی گاڑھی ہو جائے۔ آخر میں ہرا دھنیا چھڑک کر اپنے دسترخوان کی زینت بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔