جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین سے اعصابی بیماری کا خطرہ ہے، ایف ڈی اے

ویب ڈیسک  منگل 13 جولائی 2021
جانسن اینڈ جانسن کا ٹیکا لگانے کے 42 دن بعد علامت ظاہر ہوئیں، فوٹو: فائل

جانسن اینڈ جانسن کا ٹیکا لگانے کے 42 دن بعد علامت ظاہر ہوئیں، فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکا کے عالمی شہرت یافہ ریگولیٹری ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے جانسن اینڈ جانسن کی ایک ٹیکے والی کورونا ویکسین سے اعصابی بیماری گیلین بیری سینڈروم ہونے سے متعلق انتباہ جاری کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے انتباہ جاری کیا ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین لگوانے والوں میں 42 دن بعد اعصابی بیماری گیلین بیری سینڈروم کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

ایف ڈی اے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اب تک 100 افراد میں گیلین بیری سینڈروم کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 95 افراد کو حالت تشویشناک ہونے کے سبب اسپتال میں داخل ہونا پڑا جب کہ اس موذی مرض سے ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے۔

حکام نے تجویز دی ہے کہ ویکسین لگوانے کے بعد اگر کمزوری یا جسم کے حصے خصوصاً ہاتھ اور پیر سُن ہوجائیں تو فوری طور پر معالج سے رابطہ کریں کیوں کہ یہ علامت بڑھ کر دہرا دکھائی دینے، چلنے پھرنے، بولنے، چبانے اور نگلنے میں مسئلہ پیدا کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں گیلین بیری سینڈروم سے 3 سے 6 ہزار افراد متاثر ہوتے ہیں جن میں سے اکثر صحت یاب ہوجاتے ہیں۔ اس اعصابی بیماری میں مدافعتی نظام اعصابی خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے جس سے پٹھے کمزور ہوجاتے ہیں اور فالج لاحق ہو سکتا ہے۔

جانسن اینڈ جانسن کی جانب سے تاحال اس پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔