گلستان جوہر میں شہری کا قتل، لینڈ مافیا کے 4 کارندوں کے خلاف مقدمہ درج

اسٹاف رپورٹر  پير 19 جولائی 2021
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 کراچی: گلستان جوہر میں قبضہ مافیا کے خلاف آواز بلند کرنے پر قتل ہونے والے شہری کا مقدمہ 4 ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا، نماز جنازہ گلستان جوہر میں ادا کردی گئی بعد ازاں میت کو آبائی علاقے اوکاڑہ روانہ کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہری اظہر اقبال آرائیں ولد محمد شریف کی نمازجنازہ بعد نماز ظہر گلستان جوہر بلاک 8 میں واقع مسجد میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں اہل محلہ، علاقہ مکینوں اور پولیس اہلکاروں نے بھی شرکت کی جب کہ تدفین اوکاڑہ میں کی جائے گی۔

قتل کا مقدمہ ان کے بھتیجے علی عباس کی مدعیت میں چار ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا جن میں 4 ملزمان آر زیڈ کیانی، اس کا بھائی خالد کیانی، اصغر بجرانی اور شوکت سرائیکی شامل ہیں۔

مقتول اظہر آرائیں کے بھتیجے کا کہنا ہے کہ چچا سوسائٹی کے رفاعی اور ترقیاتی کاموں میں دلچسپی رکھتے تھے، انھوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کرسوسائٹی میں ترقیاتی کام بھی کرائے، سوسائٹی میں ایس بی پلاٹوں پر جائزہ قبضہ کرنے پر مزاحمت بھی کی اور کئی مرتبہ لینڈ مافیا کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

علی عباس کے مطابق مقتول اظہر اقبال گلستان جوہر بلاک 8 اور 9 میں رہائشی و کمرشل پلاٹوں کی جعلی اور اصلی فائلوں کے بارے میں بھی رہنمائی کرتے تھے تاکہ رہائشیوں کے ساتھ جعل سازی نہ ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ چاچا کو لینڈ مافیا کے ارکان آر زیڈ کیانی، اس کے بھائی خالد کیانی، اصغر بجرانی اور شوکت سرائیکی کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی تھیں اور ان لوگوں سے ہی انہیں جان کا بھی خطرہ تھا اور لینڈ مافیا نے اپنے کرائے کے قاتلوں کو استعمال کرکے اظہر اقبال آرائیں کو قتل کروایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔