گیمز سے قبل کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 20 جولائی 2021
متاثرہ مسافرکے ساتھ سفر کرنے پرمتعدد برطانوی ایتھلیٹس آئسولیٹ ہوگئے۔  فوٹو : رائٹرز

متاثرہ مسافرکے ساتھ سفر کرنے پرمتعدد برطانوی ایتھلیٹس آئسولیٹ ہوگئے۔ فوٹو : رائٹرز

ٹوکیو: ٹوکیو گیمز سے قبل کوروناوائرس کے حملوں میں تیزی آگئی جب کہ امریکی جمناسٹ سمیت مزید نئے کیسز سامنے آگئے۔

ٹوکیو اولمپکس کا آغاز 23 جولائی سے ہورہا ہے، جیسے جیسے کھیلوں کا عالمی میلہ سجنے کے دن قریب آرہے ہیں ویسے ہی کورونا وائرس کے حملوں میں بھی شدت آتی جارہی ہے۔

پیر کے روز بھی نئے کورونا وائرس کیسز سامنے آئے،ان میں ایک امریکی جمناسٹک ٹیم کا متبادل پلیئر بھی ہت،گیمز سے متعلق آفیشل، کوریج کیلیے ٹوکیو پہنچ کر14 روز کا قرنطینہ کرنے والے ایک صحافی بھی وائرس سے متاثر ہیں، ایک مثبت کیس کنٹریکٹر کا ہے، اس طرح اب تک کورونا وائرس سے متاثرہونے والے گیمز سے متعلق افرادکی تعداد 59 ہوگئی ہے۔

صرف اتوار کو 10نئے کیسز سامنے آئے تھے، 3میں سے 2 ایتھلیٹس اولمپک ویلج میں مقیم تھے، وہ جنوبی افریقہ کے فٹبالر نکلے، اگرچہ منتظمین نے شناخت ظاہرنہیں کی گئی تاہم جنوبی افریقی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق ان کے نام تھابیسو مونیانے اور کموہیلو ماہلیٹسی ہیں۔ تیسرا ایتھلیٹ ہوٹل میں مقیم تھا، اس کی شناخت نہیں بتائی گئی۔ اسی طرح آئی او سی پناہ گزین اولمپک ٹیم کے ایک ممبر کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے 6 ایتھلیٹس اور 2 ٹیم ممبران بھی جہاز پر ایک متاثرہ مسافرکے ساتھ سفرکرنے کی وجہ سے آئسولیٹ ہوگئے ہیں، مذکورہ مسافرکا جاپان پہنچنے کے بعد کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

دوسری جانب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے گیمز آپریشن ڈائریکٹر پائیرے ڈوسیرے نے کہاکہ فی الحال گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، صورتحال مکمل طور پرکنٹرول میں ہے، تمام ایتھلیٹس اوراسٹاف کی باقاعدگی سے ٹیسٹنگ ہورہی ہے،ہم کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کی صلاحیت رکھتے ہیں، گیمز کے محفوظ ترین انعقاد کیلیے تمام تر ضروری اقدامات کرلیے گئے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں خلیل اختراور ماحور قومی پرچم تھامیں گے

ٹوکیو اولمپکس میں خلیل اختر اور ماحور شہزاد پرچم تھام کر مارچ پاسٹ میں شریک ہوں گے۔سیکریٹری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود نے بتایا کہ شوٹر اور خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی کو یہ اعزاز سونپا گیا ہے،ماحور اولمپکس میں قومی پرچم تھامنے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرلیں گی۔

ٹوکیو گیمز: 3 پاکستانی ہاکی ایونٹ میں سرگرم عمل ہوں گے

ٹوکیو اولمپکس کے ہاکی ایونٹ میں پاکستانی ٹیم تو شامل نہیں تاہم تین پاکستانی ضرور ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ طاہرزمان، زاہد علی اور غلام غوث ہاکی مقابلوں میں ذمہ داریاں نبھانے کے لیے ٹوکیو پہنچ چکے ہیں، ان تینوں کو یہ موقع ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے فراہم کیاگیا ہے۔

اولمپکس:پاکستان کی آزمائش کا آغاز 24 جولائی سے ہوگا

ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی آزمائش کا آغاز 24 جولائی سے ہوگا، بیڈمنٹن میں ماحور شہزاد موسا شینو فارسٹ پلازہ میں ابتدائی مقابلے میں شریک ہوں گی، جوڈو میں شاہ حسین شاہ نیپون بوڈ کان، شوٹنگ میں گلفام جوزف، محمد خلیل اختر اور جی ایم بشیر اسکا شوٹنگ ریجن میں قسمت آزمائی کرینگے، ویٹ لفٹنگ میں طلحہ طالب ٹوکیو انٹرنیشنل فورم میں ایکشن میں ہونگے، ایتھلیٹکس میں 30 جولائی کو نجمہ پروین اور ارشد ندیم اولمپک اسٹیڈیم پر صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔

جاپانی موسیقار کو بچپن کی غلطی نے ٹوکیو گیمز سے دور کرا دیا

بچپن میں کلاس میٹ سے ناروا سلوک کرنے والے جاپانی موسیقار کو ٹوکیو اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب سے الگ ہونا پڑگیا، معاملہ منظرعام پر آنے کے بعدکیاگو اویامیڈا کو افتتاحی تقریب سے باہر کر دیا گیا، انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے اکاؤنٹ میں لکھا کہ میں اس حوالے سے خود پر ہونے والی تنقید کو قبول کرتے ہوئے لوگوں کی رائے کا احترام کرتا ہوں، انھوں نے ماضی میں اپنے ساتھی طالبعلم سے بدتمیزی کرنے کے علاوہ اس کی معذوری کا بھی مذاق اڑایا تھا۔

کوکو گوف کورونا کا شکار اولمپکس میں شرکت سے محروم

17 سالہ امریکی ٹینس پلیئر کوکو گوف کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر ٹوکیو اولمپکس میں شرکت سے محروم ہوگئیں، وہ 2000 کے بعد مقابلوں میں شامل ہونے والی نوعمر ٹینس پلیئر بن پاتیں لیکن وائرس کی شکار ہونے پر انھیں اب یہ اعزاز نہیں مل پائے گا۔

میٹیو بریٹینی بھی اولمپکس سے باہر

ومبلڈن فائنلسٹ میٹیو بریٹینی بھی ٹوکیو اولمپکس سے دستبردار ہوگئے، ان سے قبل دنیائے ٹینس کے دیگر بڑے نام راجرفیڈرر، سرینا ولیمز، رافیل نڈال اور سیمونا ہالیپ بھی ٹوکیو نہ جانے کا اعلان کرچکے ہیں، اطالوی کھلاڑی کو ومبلڈن کے دوران تھائی انجری لاحق ہوئی تھی اور وہ ابھی تک اس سے مکمل نجات حاصل نہیں کرپائے ہیں۔

ویٹ لفٹر طلحہٰ طالب کل ٹوکیو کیلیے اڑان بھریں گے

ٹوکیو اولمپکس کیلیے قومی دستے کا 2 رکنی تیسرا گروپ بدھ کو ٹوکیو روانہ ہورہا ہے،اس میں 67 کلو گرام ایونٹ کیلیے ویٹ لفٹر طلحہ طالب اورکوچ حافظ عمران بٹ شامل ہیں، چوتھے اور آخری گروپ کی22 جولائی کو روانگی طے ہے۔

اولمپکس سافٹ بال مقابلوں کا کل آغاز، جاپان اور آسٹریلیا مدمقابل

ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب جمعے کو اولمپک اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی،البتہ مقابلوں کا آغاز بدھ سے ہوجائے گا، سافٹ بال کے پہلے میچ میں میزبان جاپان کا سامنا آسٹریلیا سے ہونا ہے،امریکی ٹیم اٹلی سے ٹکرائے گی، بدھ سے ہی ویمن فٹبال میچز بھی شروع ہوجائیں گے،برطانیہ کا چلی، چین کا برازیل، امریکا کا سوئیڈن اور جاپان کا کینیڈا سے میچ طے ہے۔

جمعرات کو مینز فٹبال مقابلوں کی ابتدا مصر اور اسپین کے میچ سے ہوگی، بعدازاں نیوزی لینڈ کا جنوبی کوریا، میکسیکو کا فرانس، سعودی عرب کا آئیوری کوسٹ، ارجنٹائن کا آسٹریلیا، جاپان کا جنوبی افریقہ اور برازیل کا جرمنی سے ٹکراؤ ہونا ہے۔

ارشد ندیم کی تیاریوں پر ایتھلیٹکس فیڈریشن کے 2 کروڑ روپے خرچ

ٹوکیو اولمپکس کیلیے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی تیاریوں پر فیڈریشن نے 2 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں، اس کا انکشاف ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی نے کیا، ارشد ندیم کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب میں انھوں نے اعلان کیا کہ اگر وہ میڈل جیت کر لائے تو انھیں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انعام دلائیں گے۔

مینیو میں بریانی، بھنڈی، پالک پنیر سمیت متعدددیسی کھانے شامل

ٹوکیو اولمپک ویلج کے مینیو میں بریانی، بھنڈی، پالک پنیر سمیت متعدددیسی کھانے بھی شامل ہیں، انھیں دیکھ کر پاکستانی و بھارتی ایتھلیٹس کا بھی دل خوش ہوگیا۔ عام طور پرایشیائی کھلاڑی انٹرنیشنل مقابلوں میں پسندیدہ کھانا نہ ملنے کی شکایت کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں،البتہ اب مینیو میں مکھن نان، پراٹھا، بٹر چکن، سویا پنیر، شاہی پنیر، بھنڈی، شوربہ، باسمتی چاول، بریانی، پالک سمیت کئی دیسی کھانے شامل ہیں، بھارتی چیف ڈی مشن ڈاکٹر پریم ورما نے کہا کہ کھانے کا معیار بہت ہی زبردست ہے، ہمارے ایتھلیٹس کیلیے حیران کن اقدامات کیے گئے ہیں۔

آرگنائزرز نے کارڈ بورڈ سے بنے بیڈز کو مضبوط قراردے دیا

اولمپکس آرگنائزرز نے کارڈ بورڈ سے بنے بیڈز کو مضبوط قراردے دیا، ایک امریکی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ویلج میں موجود بیڈز خاص طور پر سوشل ڈسٹنس کو یقینی بنانے کیلیے بنائے گئے ہیں، اس پرایک سے زائدشخص بیٹھ ہی نہیں سکتا۔

اس پر آئرش جمناسٹ رہیز میک کلینگھن نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ بسترپر چھلانگ لگا رہے ہیں مگر وہ نہیں ٹوٹا۔ منتظمین نے بھی ایک بار پھریقین دہانی کرائی ہے کہ کارڈ بورڈ سے تیار کیے جانے کے باوجود یہ بیڈز انتہائی مضبوط اور 200 کلو گرام سے زائد کا وزن اٹھا سکتے ہیں، ان کی متعدد بار ٹیسٹنگ ہوچکی ہے۔

خالی نشستیں سومو ریسلرز سمیت ایتھلیٹس کے مقابلوں کا نظارہ کریں گی

اولمپکس میں خالی نشستیں سومو ریسلرز سمیت ایتھلیٹس کے مقابلوں کا نظارہ کریں گی، جاپانی شائقین خاص طورپر حیران ہیں کہ معروف کھیلوں کے مقابلوں میں کھلاڑی کس طرح پورے جوش و خروش سے حصہ لیں گے، ان میں سومو ریسلنگ، باسکٹ بال اوربیس بال بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے منتظمین نے پہلے غیرملکی شائقین پر پابندی لگائی اور پھر مقامی افراد پر بھی وینیوز کے دروازے بندکردیے گئے۔ گذشتہ روز میڈیا سے بات چیت میں گیمز ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کرسٹوف ڈوبی نے کہاکہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلیے کیا گیا، جس کا ہم سب احترام کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔