افغان سفیر کی بیٹی کا معاملہ اغوا نہیں پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے، وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  منگل 20 جولائی 2021
پاکستان کے خلاف ان ڈیکلیئرڈ ہائبرڈ وار شروع ہوچکی ہے جو آنے والے دنوں میں مزید تیز ہوگی، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

پاکستان کے خلاف ان ڈیکلیئرڈ ہائبرڈ وار شروع ہوچکی ہے جو آنے والے دنوں میں مزید تیز ہوگی، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

 راولپنڈی: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کا معاملہ اغوا نہیں بلکہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔

لال حویلی میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کیس میں چاروں ٹیکسیوں کےمالکان تک پہنچ گئے، ان کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں اور نہ ہی کسی ٹیکسی میں کوئی دوسرا بندہ تھا، یہ اغواء کا کیس نہیں بنتا، یہ معاملہ اغوا نہیں بلکہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے، ہم نے افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا پرچہ دیا ہے، افغان سفیر کی بیٹی کا یہاں ہونا ضروری ہے اور چاہتے ہیں افغان سفیر خود بھی تحقیقات کا حصہ بنیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ داسو واقعے کے بعد چینی حکومت ہم سے مطمئن ہے تاہم بھارت اسے نئی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے، چین اور پاکستان کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عالمی طاقتیں نہیں چاہتی پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط ہوں، پاکستان کے خلاف غیر اعلانیہ ہائیبرڈ وار تیز کی جارہی ہے جب کہ عمران خان امت مسلمہ کا ابھرتا لیڈر ہے جو بھارت اسرائیل کو ایک آنکھ نہیں بھاتا۔

شیخ رشید نے کہا کہ جوہرٹاؤن کا دھماکا ایف اے ٹی ایف اجلاس سے ایک دن پہلے کیا گیا جب کہ داسو کا واقعہ جی سی سی کی میٹنگ سے پہلے کیا گیا اور افغان سفیرکی بیٹی کا واقعہ افغان کانفرنس سے پہلے کیا گیا، ان کی ٹائمنگ دیکھیں، جو واقعات ہو رہے ہیں سازش کے تحت ہو رہے ہیں، دنیا کو تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے پاکستان میں امن و امان کا مسئلہ ہے، پاکستان کے خلاف ان ڈیکلیئرڈ ہائبرڈ وار شروع ہو چکی ہے اور آنے والے دنوں میں ہائبرڈ وار تیز ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔