کراچی میں پولیس انسپکٹر اپنے بیٹے کے ہاتھوں قتل

ویب ڈیسک  منگل 20 جولائی 2021
مقتول پولیس انسپکٹر دیدار عباسی درخشاں تھانے میں تعینات تھا۔

مقتول پولیس انسپکٹر دیدار عباسی درخشاں تھانے میں تعینات تھا۔

 کراچی: کورنگی مہران ٹاؤن کے علاقے میں انوار العلوم مدرسہ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تو پتہ چلا کہ ہلاک شخص پولیس افسر ہے۔ مقتول پولیس انسپکٹر دیدار عباسی درخشاں تھانے میں تعینات تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کو اس کے بیٹے نے گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے۔ مقتول دیدار عباسی کلری چاکیواڑہ اور آرام باغ تھانے میں ایس ایچ او کے فرائض بھی سرانجام دے چکا ہے۔

پولیس کے مطابق انسپکٹر دیدار عباسی نے گزشتہ شب گھریلو جھگڑے پر اپنے بیٹے کامران عباسی کی پٹائی کی تھی جس پر اس نے طیش میں آکر باپ کو گولی ماردی۔

ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا عنایت اللہ مروت کے مطابق مقتول انسپکٹر نے دو شادیاں کی ہوئیں تھیں پہلی بیوی آبائی گاؤں جبکہ دوسری بیوی مہران ٹاؤن میں ساتھ رہتی تھی۔ ملزم بیٹا کامران عباسی پہلی بیوی سے تھا۔ ان کا کئی دنوں سے گھریلو جھگڑا چل رہا تھا۔

پیر کی شب بھی انسپکٹر دیدار عباسی کا بیٹے کامران سے جھگڑا ہوا باپ نے بیٹے کو مارا پیٹا اور کہا کہ اب تو گاؤں چلے جاؤ تھماری اس گھر میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

بیٹے نے منگل کی صبح 7 بجے باپ کو اس کے سرکاری پستول سے فائرنگ کرکے موت کی نیند سلادیا۔ مقتول کو ایک گولی ہاتھ اور دوسری سر میں پیوست ہوئی۔ ملزم واردات کے فوری بعد والد کا سرکاری پسٹل لے کر موقع سے فرار ہوگیا۔

ایس ایچ او کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں تاہم کامیابی نہیں ہوئی، مقتول کی تدفین کے بعد اس کے بھائی انسپکٹر خالد عباسی کی مدعیت میں ملزم کے خلاف نامزد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

دریں اثنا انسپکٹر دیدار حسین کی میت تدفین کے لیے ان کے آبائی گاؤں قمبر شہداد کوٹ روانہ کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔