کراچی میں چلتے رکشا میں طالبہ کو ہراساں کرنے والا ایک نوجوان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 20 جولائی 2021
ملزم حمزہ کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس . فوٹو : ایکسپریس

ملزم حمزہ کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس . فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: شارع فیصل پر رکشےمیں سوار طالبہ کو ہراساں کرنے والے ایک ملزم کوپولیس گرفتارکرلیا جب کہ اس کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

شہرکی سب سے مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر دن دیہاڑے رکشے میں سوار لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا جس پرمتاثرہ لڑکی نے جرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہراساں کرنے والے موٹرسائیکلوں پر سواراوباش نوجوانوں کی ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل کردی تھی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شاہراہ فیصل پولیس حرکت میں آئی اوراوباش نوجوانوں کا سراغ لگا کر بلوچ کالونی متحصل عمر کالونی میں چھاپہ مارکرلڑکی کو ہراساں کرنے والے ایک ملزم حمزہ مغل ولد عبدالحمید مغل کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیاجب کہ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی بھی کھوج لگالی۔

اس حوالے سے شاہراہ فیصل پولیس نے بتایا کہ رکشے میں سوار لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ اتوار کی دوپہر پیش آیا تھا، سوشل اورالیکٹرانک میڈیا پر واقعے کی خبرنشر ہونے کے بعد شارع فیصل کارسازکے قریب نصب سی سی ٹی وی کمیرے کی فوٹیج حاصل کی اورسی سی ٹی وی فوٹیج سے لڑکی کو ہراساں کرنے والے ملزم کے موٹرسائیکل کا نمبرحاصل کیا جس کا ریکارڈ نکالاتو موٹرسائیکل ملزم کے والد کے نام سے رجسٹرد تھی اوراس طرح پولیس نے ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں واقع عمرکالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم حمزہ مغل کو گرفتار لیا۔

شارع فیصل پولیس نے بتایا کہ پولیس نے رکشہ ڈرائیور غلام قاسم ولدسرور کی مدد سے متاثرہ لڑکی کو بھی کھوج لگالی ہے متاثرہ لڑکی نجی یونیورسٹی کی طالبہ اورگلستان جوہرکی رہائشی ہے اورمتاثرہ لڑکی اتوارکی دوپہر اپنی سہیلی کے گھر سے آن لائن رکشہ بک کرانے کے بعد اپنے گھر گلستان جوہرجارہی تھی کہ شارع فیصل پراس کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔

شارع فیصل پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی نے حراساں کرنے والے اوباش نوجوان کے خلاف اپنا ابتدائی بیان قلمبند کرادیا ہے جس کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ بھی درج کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتارملزم حمزہ مغل کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور پولیس انہیں بھی جلد گرفتار کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔