آپ کی اعلیٰ تعلیم، آپ کے والدین کی صحت کے لیے بہتر ہوتی ہے

ویب ڈیسک  جمعرات 22 جولائی 2021
بچوں کی اعلیٰ تعلیم والدین کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ فوٹو: فائل

بچوں کی اعلیٰ تعلیم والدین کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ فوٹو: فائل

 نیویارک: نوعمر بچوں کی اعلیٰ تعلیم نہ صرف ان کا مستقبل سنوارتی ہے بلکہ ان کے والدین کی دماغی، نفسیاتی اور جسمانی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہوتی ہے۔

یونیورسٹی آف بفیلو سے وابستہ کرسٹوفر ڈینیسن کہتے ہیں کہ نئے ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ جن والدین کے بچے یونیورسٹی اور کالج کی ڈگری مکمل نہیں کرسکتے ان میں خرابی صحت اور ڈپریشن کے آثار دیکھے جاسکتےہیں۔ اسی طرح بچوں کی اعلیٰ تعلیم والدین کے ذہنی اور جسمانی صحت پر مفید اثرات مرتب کرتی ہے۔

1994 میں شروع کئے گئے ایک سروے کو مزید جاری رکھا گیا اور اس سے حاصل شدہ نئے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس میں ایک سے زائد نسلوں پر اعلیٰ تعلیمی اثرات کو بھی نوٹ کیا گیا ہے۔ پروفیسر کرسٹوفر نے بتایا کہ جن والدین کا ایک بیٹا یا بیٹی بھی جامعہ کے درجے تک نہ پہنچ سکا ان کے والدین نے خود ایسی علامات کا اظہار کیا جو ڈپریشن اور صحت کی خرابی کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ تحقیق جرنل آف گیرنٹولوجی کے سوشل سائنس جرنل میں شائع ہوئی ہے۔ گویا اس میں بچوں کی کم تعلیم اور والدین کی ناخوشی کے درمیان گہرا ربط بھی ملا ہے۔

اس مطالعے میں 20 ہزار افراد کے ڈیٹا کو پہلے ہی دیکھا گیا ہے جبکہ 30 سے 60 سال کے والدین کے ساتھ مزید دوہزار ایسے والدین کو شامل کیا گیا جن کی عمریں 50 سے 80 برس کے درمیان تھیں۔ یہ تحقیق 2015 اور 2017 میں کی گئی تھی۔ اگرچہ یہ کھوج امریکی تناظر میں کی گئی ہے جہاں والدین پر معاشرتی دباؤ ہوتا ہے لیکن اس کا کچھ نہ کچھ اطلاق پاکستان پربھی کیا جاسکتا ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ ہماری تعلیم ہماری صحت پر اثرڈالتی ہے جبکہ خود بچوں کی تعلیم بھی ان کے والدین پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔ سروے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کم ترین معاشی گنجائش والے والدین پر ان کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تعلیمی میدان میں پیچھے رہ جانے والے بچوں کے والدین ڈپریشن اور دیگر مسائل میں بھی گرفتار ہوسکتے ہیں۔ والدین کی یہ فکرمندی ان کی صحت کو متاثرکرسکتی ہے۔

اس کا دوسرا پہلو یہ بھی ہوسکتا ہے کہ تعلیم یافتہ بچے اچھی ملازمت اور معاشی مواقع حاصل کرتے ہیں اور اس طرح ان کے والدین سکون اور بے فکری کی زندگی گزاررہے ہوتے ہیں۔ اس تحقیق میں زور دیا گیا ہے کہ والدین اپنے بچوں کی تعلیم پرتوجہ دیں کیونکہ نہ صرف یہ ان کی اولاد بلکہ خود ان کی صحت کے لیے بھی بہترین سرمایہ کاری ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔