قوم کورونا کے امتحان میں سرخرو ہونے کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے، صدر مملکت

 بدھ 21 جولائی 2021
اللہ تعالیٰ اپنےبرگزیدہ بندوں کومختلف امتحانات میں ڈال کرآزماتاہے،صدرمملکت فوٹو: فائل

اللہ تعالیٰ اپنےبرگزیدہ بندوں کومختلف امتحانات میں ڈال کرآزماتاہے،صدرمملکت فوٹو: فائل

 اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قوم کورونا کے امتحان میں سرخرو ہونے کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وہ عید الاضحیٰ کے پر مسرت اور پُر سعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہہں کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اور پاکستان کے لئے خوشیوں اور مسرتوں کا باعث بنے۔ عید الاضحیٰ کا مبارک موقع حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل  علیہ السلام کے ایثار و قربانی اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری کی یاد تازہ کرتا ہے۔ یہ دن ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزماتا ہے۔ اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت دنیا بھی کورونا وبا کے عالمی امتحان سے گزر رہی ہے۔ اس وبا نے تمام انسانیت کو کسی نہ کسی طرح متاثر کیا ہے۔ بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں۔ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ وہ اس عالمی امتحان میں سرخرو ہونے کے لئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہنیں، ہاتھ دھوئیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ عید ِقربان کے موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کرمدد کریں ۔ اس موقع پر اللہ تعالی کے حضور دعائیں بھی کی جائیں کہ وہ ہمیں اس وبا کے اثرات سے محفوظ فرمائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔