مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی خطرے کیخلاف ہمہ وقت تیار ہیں، آرمی چیف

ویب ڈیسک  بدھ 21 جولائی 2021
آرمی چیف کا سرحدوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ . فوٹو : فائل

آرمی چیف کا سرحدوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ . فوٹو : فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی خطرے کے خلاف ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ عید الاضحٰی کے موقع پر جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے خیبر پختون خوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پہنچے اور مورچوں پر موجود فوجیوں کے ساتھ عید گزاری۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشن کی آپریشنل تیاری اور بارڈرسیکیورٹی انتظامات کوسراہا۔ آرمی چیف نے پاک افغان بارڈرپرباڑلگانے کے عمل کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے سرحدوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے اورمادر وطن کے دفاع کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ  مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی خطرے کے خلاف ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

آرمی چیف نے فارمیشن کی سماجی، اقتصادی جاری منصوبوں میں سول انتظامیہ سے تعاون کی تعریف بھی کی اور کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ ملکر انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کیلئے پرعزم ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔