نور مقدم کیس کے ملزم ظاہر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

ویب ڈیسک  جمعـء 23 جولائی 2021
آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے مقتولہ نور مقدم کی تفتیشی ٹیم سے میٹنگ کی

آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے مقتولہ نور مقدم کی تفتیشی ٹیم سے میٹنگ کی

آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے نور مقدم کیس کے ملزم ظاہر ذاکر کا نام ای سی ایل میں شامل کرانے کی ہدایت کردی۔

آئی جی قاضی جمیل الرحمان نے مقتولہ نور مقدم کی تفتیشی ٹیم سے میٹنگ کی، جس میں ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، اے ایس پی کوہسار، ایس ایچ او کوہسار اور تفتیشی ٹیم کے دیگر ممبران شریک ہوئے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے مقدمہ کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریف کیا۔

آئی جی اسلام آباد نے مقدمہ میں ملوث ملزم ظاہر ذاکر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے متعلقہ ادارے کو سفارش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملزم کا انگلینڈ اور امریکہ سے بھی کرمنل ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے متعلقہ اداروں سے رابطے کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں خاتون نور مقدم کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت

قاضی جمیل الرحمان نے وقوعہ سے حاصل کیے گئے تمام شواہد کی فرانزک کرانے اور Therapy Works سے بھی ملاقات کرنے کی ہدایت کی جہاں ملزم مبینہ طور پر کام کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ کو ٹھوس شواہد کی روشنی میں جلد از جلد مکمل کیا جائے، تفتیش میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے تاکہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دلائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔