ابھیجیت بھٹاچاریہ کو عاطف اسلم کی گائیکی کا خوف کھانے لگا

ویب ڈیسک  جمعـء 23 جولائی 2021
گائیکی میں سوفٹ ویئر کا استعمال کرنے والوں کو صفر نمبر دیتا ہوں، بھارتی گلوکار (فائل فوٹو)

گائیکی میں سوفٹ ویئر کا استعمال کرنے والوں کو صفر نمبر دیتا ہوں، بھارتی گلوکار (فائل فوٹو)

 ممبئی: بھارت کے مشہور گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی گائیکی اور مقبولیت سے خوف کھانے لگے ہیں۔

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ابھیجیت بھٹاچاریہ بھارت کے بڑے اور مشہور گلوکار ہیں۔ ان کے گانوں کی وجہ سے بالی ووڈ کی کئی فلموں نے باکس آفس میں دھوم مچائی تاہم بدقسمتی سے وہ اپنے بیانات کی وجہ سے کئی تنازعات کا شکار ہوگئے جس میں گلوکار عاطف اسلم کا تنازعہ بھی شامل ہے۔

پاکستانی گلوکار کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ عاطف اسلم کو ’وہ لمحے‘ گانے سے شہرت ملی۔ اس گانے کو ناصرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت کئی دیگر ممالک میں بھی کافی پسند کیا گیا۔ اس کے بعد عاطف اسلم نے ’عادت‘، ’تو جانے نہ‘ اور ’پہلی نظر میں‘ جیسے سپرہٹ گانے پیش کیے۔ بھارت میں جہاں عاطف اسلم کو پسند کیا جاتا ہے وہیں انہیں تنقید کا بھی سامنا ہے۔

سال 2008ء میں ایک سنگنگ ریئلٹی شو ’ایک سے بڑھ کر ایک‘ میں ابھیجیت نے جج کے فرائض انجام دیے۔ شو میں جب ایک کنٹیسٹنٹ نے عاطف اسلم کا گانا گایا تو بھارتی گلوکار بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے۔ ابھیجیت نے کنٹیسٹنٹ کو اس کی کارکردگی پر پورے نمبر دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس کا گانا گایا ہے انہیں میں صفر نمبر دیتا ہوں۔

گلوکار ابھیجیت نے کہا کہ وہ گانا گانا نہیں ہوتا جس میں کسی سوفٹ ویئر کا استعمال کیا جائے، میں ایسے گانوں کو صفر نمبر دیتا ہوں، مجھے نہیں پتا یہ کس گلوکار کا گانا ہے، وہ شخص کبھی گلوکار کی فہرست میں شامل نہیں ہوسکتا جو اپنی آواز کو مشینوں کی مدد سے بہتر بنائے۔

ابھیجیت بھٹاچاریہ نے کنٹیسٹنٹ سے کہا کہ مہربانی کر کے آئندہ کبھی ایسے بےسرے کا گانا مت گائیے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔