سڑکوں پر آلائشوں کے ڈھیر، تعفن سے سانس لینا دوبھر

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 24 جولائی 2021
لیاری آگرہ تاج کالونی کی سڑک پر آلائشیں اور جانوروں کی باقیات پڑی ہیں۔  فوٹو : ایکسپریس

لیاری آگرہ تاج کالونی کی سڑک پر آلائشیں اور جانوروں کی باقیات پڑی ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: عیدالاضحی کے تینوں دن شہر کے بیشتر علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے۔

کراچی میں رواں سال قربانی کے جانوروں کی آلا ئشیں اٹھانے کا آپریشن بری طرح ناکام ہوگیا ، عید قرباں کے تینوں دن آلائشیں اٹھانے کے ناقص انتظامات سے شہر کی ہر شاہراہ ، سڑک ، محلہ اور گلی میں آلائشوں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات کے ڈھیر لگے رہے۔

شہر کے بیشتر رہائشی علاقوں میں جگہ جگہ آلائشیں اور جانوروں کی باقیات سڑنے اور خون جمنے سے شدید تعفن پھیل رہا ہے رہائشی علاقوں میں مکینوں کا سانس لینا محال ہوگیا۔

آلائشوں پر منڈلاتے مچھر اور کے سبب گیسٹرو، ڈائریا سمیت وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے متوقع مون سون بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

گلشن اقبال، گلستان جوہر، کورنگی، لانڈھی، ملیر، بلدیہ ٹاؤن، بہادرآباد، پی آ ئی بی کالونی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، شاہ فیصل کالونی، لیاقت آباد سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں جگہ جگہ آ لائشوں اور جانوروں باقیات موجود تھیں جن کے سڑنے سے رہائشی علاقوں میں شدید تعفن پھیلنے لگا ، بیشتر مقامات پر آلائشوں اور خون کے سڑنے سے بدبو کے باعث شہریوں کی طبعیت بگڑنے لگی۔

رواں سال عیدالاضحیٰ پر بلدیاتی اداروں سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈکی نااہلی سے کراچی اس وقت غلاظت اور گندگی کا ڈھیر بن گیا ہے ، سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کی جانب سے شہر میں عید کے تینوں دن صفائی ستھرائی کے صرف دعوے کیے جاتے رہے جبکہ عملی طور پر صورتحال دعوؤں کے بلکل برعکس نظر آئی ، شہر کے کئی علاقوں میں جہاں آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے تھے 24 سے 48 گھنٹے گزرنے کے بعد آلائشوں کو اٹھانے کا کام شروع کیا گیا۔

سولڈ ویسٹ بورڈ کا عملہ کئی کئی گھنٹوں بعد علاقوں میں آتا تھا، ماضی میں سڑکوں سے آلائشیں اٹھاکر فوراً چونے کا چھڑکاؤ اور جراثیم کش اسپرے کیا جاتا تھا ، کئی اجتماعی قربان گاہوں کو فا ئربریگیڈ کی گاڑیوں کی مدد سے دھویا جاتا تھا لیکن امسال چند مقامات پر صرف جراثیم کش اسپرے کیا گیا نہی قربانی کے مقامات پر چونا چھڑکا گیا اور نہ ہی سڑکوں پر جمنے والے خون کو دھویا گیا ، قربانی کے خون پر چونے کے چھڑکاؤ سے تعفن اور جراثیم پھیلنے کا خدشہ کم ہوجاتا ہے۔

شہر بھر میں قربانی کے مقامات پر چونا نہ چھڑکنے سے سخت بدبو اور تعفن اٹھ رہا ہے ، کراچی میں عید قربان کے حوالے سے سندھ سولڈ ویسٹ میجنمٹ بورڈ نے دعوے کیے تھے امسال موبوط حکمت عملی مرتب کی گئی ہے لیکن عملی طور پر انتظامات نہ ہونے کے برابر تھے۔

شہر کے ساتوں اضلاع میں آلائشیں ٹھکانے لگانے اور چونے کے چھڑکاؤ، جراثیم کش اسپرے نہیں کیا جاسکا جس کے باعث عید کے تیسرے دن تک شہر گندگی، غلاظت اور شدید تعفن کا شکار ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔