لیاری میں خاتون کی ہلاکت کا معمہ حل کرنے کیلیے قبرکشائی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 24 جولائی 2021
 کانتا کا نرخرہ ٹوٹ گیا تھا ، رپورٹ،کانتا کی شادی 2020 میں آنند سے ہوئی تھی۔ فوٹو : فائل

 کانتا کا نرخرہ ٹوٹ گیا تھا ، رپورٹ،کانتا کی شادی 2020 میں آنند سے ہوئی تھی۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  لیاری میں خاتون کی پراسرار ہلاکت کا معمہ حل کرنے کے لیے قبر کشائی کی گئی۔

لیاری بغدادی میں ایک خاتون32 سالہ کانتا کماری زوجہ آنند پراسرار طور پر ہلاک ہوگئی تھی، کانتا کماری کے بھائی راجیش نے بتایا کہ ان کی بہن کانتا کماری کی شادی فروری 2020 میں آنند سے ہوئی تھی جس سے ان کی ایک 6ماہ کی بیٹی بھی ہے۔

گزشتہ ماہ کی 5تاریخ کو آنند کا فون آیا کہ اس کی بہن نے خودکشی کرلی ہے وہ خود اس وقت آفس میں تھا لیکن اس نے اپنی اہلیہ کو کانتا کماری کے گھر بھیجا ، جب وہ وہاں پہنچی تو اسے بتایا کہ کانتا کماری گھر میں گرگئی ہے، اسے فوری طور پر سول اسپتال لے کر گئے تو ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کردی اور گلے پر نشان دیکھ کر پولیس کو بلانے کا کہا جس پر آنند گھبرا گیا۔

آنند نے کہا کہ وہ اسے لے کر آغا خان اسپتال لے جانا چاہتا ہے اسے یہاں کے ڈاکٹروں پر بھروسہ نہیں ،راجیش نے مزید بتایا کہ جب وہ لوگ لاش لے کر نکلے تو آنند لاش کو آغا خان اسپتال کے بجائے واپس گھر لے گیا اور اس کی آخری رسومات پر زور دیا۔

بعدازاں کانتا کی بڑی بہن نے بتایا کہ کانتا نے ذکر کیا تھا کہ اس کا شوہر آنند اس پر تشدد کرتا ہے اور کچھ دن قبل اس نے تکیہ منہ پر رکھ کر مارنے کی بھی کوشش کی تھی۔

راجیش کا کہنا ہے کہ یہ تمام باتیں سن کر اس نے پہلے برادری میں بتایا لیکن کچھ نہ ہونے پر اس نے پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے 8 جون کو آنند کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا، کورٹ میں کیس کا آغاز ہوا اور قبر کشائی کی گئی۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کانتا کماری کا نرخرہ ٹوٹ گیا تھا، خودکشی کے بجائے یہ قتل معلوم ہوتا ہے تاہم حتمی طور پر کیمیائی تجزیاتی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جاسکے گا۔

راجیش نے مزید بتایا کہ ان کی اعلیٰ پولیس حکام سے یہی اپیل ہے کہ انھیں انصاف فراہم کیا جائے اور ان کی بہن کے قاتل کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔