نور مقدم کیس: امریکی شہری ہوں پاکستانی نہیں، ملزم ظاہر جعفر

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 24 جولائی 2021
جو کچھ بھی ہے میرا وکیل آپ کو بتائے گا، ملزم کی میڈیا سے گفتگو، دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے (فوٹو : فائل)

جو کچھ بھی ہے میرا وکیل آپ کو بتائے گا، ملزم کی میڈیا سے گفتگو، دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: عدالت نے سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پیر کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل چاقو برآمد کیا گیا، ملزم سے برآمد کیا گیا پستول اور آہنی مکا بھی قبضے میں لیا ہے، اب اس کا موبائل بھی ریکور کرنا ہے، زیادہ سے زیادہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں خاتون نور مقدم کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت

مدعی کی جانب سے شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم ظاہر جعفر کا دو روزہ مزید جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور ملزم کو پیر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

پیشی کے دوران ملزم ظاہر جعفر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں امریکی شہری ہوں پاکستانی نہیں، جو کچھ بھی ہے میرا وکیل آپ کو بتائے گا۔

واضح رہے کہ سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔