عراق میں امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 جولائی 2021
راکٹ حملے کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا، اتحادی افواج (فوٹو: فائل)

راکٹ حملے کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا، اتحادی افواج (فوٹو: فائل)

 بغداد: عراق میں امریکی فوجیوں کے زیر استعمال ایک فوجی اڈے پر راکٹ حملہ کیا گیا تاہم دفاعی فضائی نظام نے حملے کو ناکام بنادیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں الحریر کے نزدیک فوجی اڈے پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔ اس فوجی اڈے میں امریکی فوجی قیام پذیر تھے۔

اتحادی افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ راکٹ حملے کو دفاعی فضائی نظام نے خودکار طریقے سے فضا میں ہی ناکام بنادیا۔ حملے میں جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

حملہ اس وقت کیا گیا جب اگلے روز ہی وائٹ ہاؤس میں عراقی وزیراعظم امریکی صدر جوبائیڈن سے اہم ملاقات کریں گے اور ملک میں جمہوری، سیاسی اور پُرامن نظام پر تبادلہ خیال کریں گے۔

عراق میں امریکی سفارت خانوں، فوجی اڈوں اور تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ بغداد ایئرپورٹ پر امریکی حملے میں ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد شروع ہوا تھا۔

اس حملے کی تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم امریکا اور اتحادی افواج ان حملوں کا ذمہ دار ایران کی حمایت یافتہ عسکری جماعتوں کو ٹھہراتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔