رائے ونڈ میں تین سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا گرفتار

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 25 جولائی 2021
صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم نے نوٹس لیا تو پولیس حرکت میں آئی اور  مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا (فوٹو : ایکسپریس)

صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم نے نوٹس لیا تو پولیس حرکت میں آئی اور مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا (فوٹو : ایکسپریس)

 لاہور: صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آ گسٹین نے رائے ونڈ میں کمسن بچی سے زیادتی کے واقعہ پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس کو ایف آ ئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا بعد ازاں ملزم سلیم کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیر کے نوٹس میں لایا گیا کہ رائے ونڈ سندر روڈ کرسچن کالونی میں ایک اوباش نے کمسن تین سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی ہے اور پولیس کارروائی نہیں کررہی جس پر صوبائی وزیر نے فوری ایکشن لیا تو ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

متاثرہ بچی کو حالت خراب ہونے کے باعث چلڈرن ہسپتال لاہور میں داخل کرادیا گیا۔ بچی کے والدین کے مطابق بچی نجی کمپنی کے تعاون سے چلنے والے اسکول میں پڑھنے گئی تھی، واپسی پر ملزم سلیم نے اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

صوبائی وزیر نے پولیس کو ہدایت دی کہ تمام قانونی کارروائی کے بعد ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے اوربچی کے والدین کو تحفظ اور متاثرہ بچی کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

علاوہ ازیں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا ہے کہ سرکاری اسکول میں 3سالہ بچی سے زیادتی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، متاثرہ بچی کے لواحقین سے رابطہ کیا ہے، پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، بچی کو مکمل انصاف ملے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔