شاہین آفریدی اپنے ترکش میں نئے تیر سجانے کو کوشاں

اسپورٹس ڈیسک  پير 26 جولائی 2021
گیند کی رفتار میں ردوبدل سے ویسٹ انڈین ہارڈ ہٹرز کاراستہ روکیں گے ۔  فوٹو : فائل

گیند کی رفتار میں ردوبدل سے ویسٹ انڈین ہارڈ ہٹرز کاراستہ روکیں گے ۔ فوٹو : فائل

برج ٹاؤن:  شاہین شاہ آفریدی اپنے ترکش میں نئے تیر سجانے کیلیے کوشاں ہیں تاہم وہ ویسٹ انڈین ہارڈ ہٹرز کا راستہ گیند کی رفتار میں ردوبدل سے روکنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گیند کی رفتار میں تبدیلی سے ویسٹ انڈین ہارڈ ہٹرز کا راستہ روکنے کا ارادہ رکھتے اور نیٹ سیشنز میں بھی وہ بولنگ ویری ایشنز پر ہی زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ وہ اب تک 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 31 وکٹیں حاصل کرچکے جبکہ اس فارمیٹ میں19.6 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بولنگ کررہے ہیں۔

انھوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا تاہم وہ  ان کا ویسٹ انڈیزکرکٹ ٹیم کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی میچ تھا۔ یہ ان کا پہلا دورہ کیریبئن ہے، جہاں وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

نوجوان فاسٹ بولر کا کہناہے کہ ٹی ٹوئنٹی تیز رفتار طرز کی کرکٹ اور اس میں بہتر بولنگ کے لیے جلد اور فوری فیصلے کرنے ہوتے ہیں، اس میں سلو گیندوں کی بہت اہمیت ہوتی ہے، میں پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر سلور ون پھینکنے کا فیصلہ کرتا ہوں، لازمی نہیں کہ ایک اوور میں صرف ایک سلو گیند ہی کی جائے بلکہ حریف بیٹسمینوں کیمضبوط اور کمزور پہلوؤں کو دیکھ کر 2 سے 3 سلو ون بھی کرتا ہوں۔

شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم برق رفتار بیٹنگ کرنے والے ہارڈ ہٹرز پر مشتمل ہے، یہ تمام کھلاڑی پی ایس ایل، سی پی ایل اور دنیا بھر کی لیگز میں کھیلتے ہیں لہٰذا انپیں دنیا کے تقریباََ تمام بولرز کا بخوبی اندازہ ہے، ایسے بیٹسمینوں کے خلاف ویری ایشنز کا بہتر استعمال ہی آپ کی بولنگ کو بہتر بناتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  ڈیتھ اوورز میں زیادہ تر یارکرز لینتھ کو ہدف بنایا جاتا ہے، اس دوران اگر گیند ریورس سوئنگ ہو تو ایسے میں ان کی حسن علی اور حارث رؤف کے ساتھ پارٹنر شپ اچھی رہتی ہے، ان دونوں کے پاس بھی ویری ایشنز ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔