میڈلز جیتنا ’’بچوں‘‘ کا کھیل،13 سالہ مومیجی کی فتح

اسپورٹس ڈیسک  منگل 27 جولائی 2021
اسکیٹ بورڈ میں جاپان کا کلین سوئپ مکمل، ایڈم پیٹی نے سوئمنگ کراؤن کا دفاع کرکے تاریخ رقم کردی۔ فوٹو : انٹرنیٹ

اسکیٹ بورڈ میں جاپان کا کلین سوئپ مکمل، ایڈم پیٹی نے سوئمنگ کراؤن کا دفاع کرکے تاریخ رقم کردی۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ٹوکیو:  ٹوکیو اولمپکس کے تیسرے دن جاپان 8 گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز میڈل جیت کر پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا۔

امریکا 7 طلائی، 3 نقرئی اور 4 کانسی کے تمغے سمیٹ کر دوسرے نمبر پر ہے، ابتدائی 2 دن تک میڈلز ٹیبل پر راج کرنے والے چین کو تیسری پوزیشن پر جانا پڑا، وہ اب تک 6 سونے، 5 چاندی اور 7 برانز میڈلز اپنے نام کر چکا ہے، روسی اولمپک کمیٹی 4 گولڈ، 5 سلور اور 3 برانز لے کر چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔

مقابلوں میں میڈلز جیتنا ’’بچوں‘‘ کا کھیل بن گیا،جاپان کی 13 سالہ مومیجی نشایا نے ویمنز اسکیٹ بورڈ ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی، وہ انفرادی اولمپک چیمپئن بننے والی ایک اور کم عمر ایتھلیٹ بن گئیں، ان کی عمر پیر کو کامیابی پاتے وقت 13 برس 330 یوم تھی۔

اسٹریٹ ڈسپلن میں میزبان ایتھلیٹس نے کلین سوئپ کرلیا،امریکی ڈائیور میرجوری گیسٹرنگ کو کم عمر انفرادی اولمپک چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے، یہ ریکارڈ انھوں نے 1936 کے برلن گیمز میں 13 برس 268 دن کی عمر میں 3 میٹر اسپرنگ بورڈ ایونٹ جیت کر قائم کیا تھا۔

تیراک ایڈم پیٹی نے اولمپک سوئمنگ کراؤن کا دفاع کرکے برطانوی تاریخ رقم کردی، انھوں نے مینز 100 میٹر بریسٹ اسٹروک ایونٹ میں اس بار بھی طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا، پیٹی نے مقررہ فاصلہ 57.37 سیکنڈز میں طے کرکے سب کو پیچھے چھوڑدیا، ڈچ سوئمر آرنو کیمنیگا نے (58.00) سلور اور اٹلی کے نکولو مارٹینگی نے برانز میڈل قبضے میں کیا، ان کی پرفارمنس 58.33 سیکنڈز رہی۔

ویٹ لفٹر ہیڈلین ڈیاز نے فلپائن کو پہلاگولڈ میڈل جتوا دیا، انھوں نے ویمنز 55 کے جی میں مجموعی طور پر 224 کے جی وزن اٹھاکر پہلی پوزیشن پائی۔ آرچری فائنل میں جنوبی کوریا نے چائنیز تائپے کو 0-6 سے مات دے کر گولڈ میڈل قبضے میں کرلیا۔

ٹیبل ٹینس میں جاپان نے مکسڈ ڈبلز گولڈ میڈل جیت کر چین کی اجارہ داری ختم کردی، جاپانی جوڑی جون میزوٹینی اور میاما ایٹو نے چینی حریفوں ڑو ڑن اور لیو شیون کو شکست دی، چائنیز تائپے کے کھلاڑیوں لین یون جو اور چینگ چنگ نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔

تائیکوانڈو مینز 80 کے جی میں روس کے میکسم کیرامیٹوف نے سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا، انھوں نے فائنل میں اردن کے صالح الشرابتی کو زیر کیا، مصر کے سیف عیسیٰ اور کروشیا کے ٹونی کینیٹ نے برانز میڈلز جیتے۔

تائیکوانڈو 67 کے جی ویمنز میں کروشیا کی میٹیا جیلک نے برطانوی حریف لورین ولیمز کو ہراکر طلائی تمغے پر حق جتا دیا، آئیوری کوسٹ کی روتھ گیباگی اور مصر کی ہدایہ وہاب نے برانز میڈلز حاصل کیے۔ روسی اولمپک کمیٹی نے جمناسٹکس میں مینز ٹیم گولڈ جیت لیا۔ جاپان کوچاندی جبکہ چین کو کانسی کے تمغے پر گزارا کرنا پڑا۔

فینسنگ میں ہانگ کانگ کے چیونگ نے مینز انفرادی فوئل ایونٹ میں سونے کا تمغہ پایا، اٹلی کے ڈینیلی گیروزو نے سلور جبکہ جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والے الیگزینڈر چوپینچ نے برانز میڈل جیتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔