خدیجہ صدیقی کیس میں مجرم کی سزا پوری کرنے سے قبل رہائی پر وزیر جیل کی وضاحت

ویب ڈیسک  منگل 27 جولائی 2021
مجرم شاہ حسین کی سزا میں کمی چار تکنیکی بنیادوں پر ہوئی, فیاض الحسن چوہان

مجرم شاہ حسین کی سزا میں کمی چار تکنیکی بنیادوں پر ہوئی, فیاض الحسن چوہان

 لاہور: وزیر جیل خانہ جات پنجاب کا خدیجہ صدیقی کیس میں مجرم شاہ حسین کی سزا پوری کرنے سے قبل رہائی پر بیان سامنے آگیا۔

فیاض الحسن چوہان نے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز سے ایک مجرم شاہ حسین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کچھ خبریں گردش کر رہی ہیں، کہا یہ جا رہا ہے کہ مذکورہ مجرم کو غیر معمولی ریمیشن دے کر رہا کر دیا گیا ہے۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مختلف مواقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی جاتی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ صدر، وزیراعظم، ہوم سیکرٹری، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹینڈنٹ بھی ریمیشن دینے کا اختیار رکھتے ہیں۔ مجرم شاہ حسین کو مندرجہ بالا ریمیشنز میں سے کوئی بھی ریمیشن نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: خدیجہ صدیقی کا پُر پیچ کیس

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مجرم شاہ حسین کی سزا میں کمی چار تکنیکی بنیادوں پر ہوئی۔ مجرم کو مختلف مشقتیں کرنے، بی اے کرنے، خون دینے اور اچھے چال چلن کی بنیاد پر ریمیشنز دی گئیں، ان ریمیشنز کی بنیاد پر مذکورہ مجرم کی سزا میں تقریباً سترہ ماہ کی کمی ہوئی۔ یہ تمام ریمیشنز آئین پاکستان اور قوانین کے مطابق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خدیجہ صدیقی کیس میں مجرم شاہ حسین کی بریت کا فیصلہ کالعدم، قید کی سزا بحال

واضح رہے کہ لاہور میں قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی پر قاتلانہ حملے کرنے اور 23 مرتبہ چھرے کے وار کرکے شدید زخمی کرنے والے مجرم شاہ حسین کو 5 سال قید کی سزا ہوئی تھی لیکن اسے 5 سال کی بجائے ساڑھے 3 سال سزا کاٹنے کے بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔ مجرم شاہ حسین کا والد ایک بااثر وکیل بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔